کے الیکٹرک کا کیماڑی کے ایک فیڈر سے منسلک 7پی ایم ٹیز پر ایریل بنڈل کیبل کی تنصیب کا کام دو ہفتوں کی انتھک کوششوں کے بعد مکمل

بدھ 9 نومبر 2016 19:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2016ء) کے الیکٹرک نے اپنے فلیگ شپ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ ’اجالا‘ کے تحت، کیماڑی کے ایک فیڈر سے منسلک 7پی ایم ٹیز پر ایریل بنڈل کیبل کی تنصیب کا کام دو ہفتوں کی انتھک کوششوں کے بعد مکمل کرلیا ہے جبکہ دیگر علاقوں میں بھی یہ مہم انتہائی تیز رفتاری سے جاری ہے۔علاقے میں جاری ترقیاتی کام کے سلسلے میںاس پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب حال ہی میں منعقد ہوئی۔

اس مہم کے دوران علاقے میںغیر قانونی کنڈا کنکشن ہٹانے اور پاور انفراسٹرکچر کو بہتربنانے کاکام انجام دیا گیا جبکہ 51 کھمبوں سمیت دیگرآلات کی تنصیب کو بھی یقینی بنایا گیا۔اس اقدام کا مقصدعلاقے کے مکینوں کو بجلی کی قابل بھروسہ فراہمی کو یقینی بنانا اور اطراف کے علاقوں میں نقصانات کی شرح کو کم کرکے لوڈ مینجمنٹ میںکو بہتربنانا ہے ۔

(جاری ہے)

مزید برآں، صارفین کو ان کی دہلیز پر ہی سہولت فراہم کرنے کے لیے آئی بی سی آن وہیلز کا بھی انتظام کیا گیا تھا اور علاقے میں تقریباً 350کنکشن فراہم کئے جاچکے ہیں جبکہ آنے والے دنوں میں مزید 150کنکشن صارفین کو فراہم کئے جائیں گے۔کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق،’’ادارہ کی جانب سے اب تک شہر کے مختلف علاقوں میں ایریل بنڈل کیبل ، نئے ٹرانسفارمر اور کم قیمت کنکشن کامیابی سے نصب کئے جاچکے ہیں۔

لائنز ایریا، لیاقت آباد، گژدرآباد، رحمت چوک، الطاف ٹاؤن اور کیماڑی جیسے چوری والے علاقوں میں اے بی سی کی تنصیب کے بعد بجلی کی فراہمی مزید بہتر بنادی گئی ہے ۔یہاں فالٹ کی شرح انتہائی کم ہے جبکہ اس سے قبل ان علاقوں میں غیر قانونی کنکشنوں کی تعداد اور فالٹ کی شرح بہت زیادہ تھی۔‘‘کے الیکٹرک نے رواں سال کے آغاز میں’اجالا‘ کے نام سے ایک کمیونٹی ڈیویلپمنٹ پروجیکٹ بھی متعارف کیا ہے جس کے تحت 200علاقوں میں تقریباً پانچ ارب روپے کی سرمایہ کاری سے دس لاکھ افراد کی معیار زندگی بہتر بنائی جائے گی ۔ادارہ ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی کو بہتر بنانے اور پائیدار ترقیاتی اقدامات کے ذریعے سماجی و معاشی سرگرمیوں میں اضافے کرنے کے عزم پر قائم ہے ۔

متعلقہ عنوان :