جدید تحقیقات اور تجربات کو ینگ ڈاکٹرز سے شیئر کرنے کے لیئے سرجیکل ویک کا اہتمام کیا گیا ہے ،پروفیسر نعیم ضیا ء

بدھ 9 نومبر 2016 19:24

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) سوسائٹی آف سرجنز آف پاکستان راولپنڈی اسلام آباد کے صدر پروفیسر نعیم ضیا ء نے کہا ہے کہ سوسائٹی آف سرجنز آف پاکستان راولپنڈی اسلام آباد کے زیر اہتمام شعبہ طب وجراحت میں ہونے والی جدید تحقیقات اور تجربات کو ینگ ڈاکٹرز کے ساتھ زیادہ سے زیادہ شیئر کرنے کے لیئے ایک سرجیکل ویک کا اہتمام کیا گیا ہے ۔

13 نومبر سے 19 نومبر تک جاری رہنے والے اس سرجیکل ویک میں راولپنڈی اسلام آباد کے مختلف ہسپتالوں میں 16 سے زائد کانفرنسز اور ورکشاپس کے ذریعے ینگ ڈاکٹرز کو سرجیکل پروسیجرز کے جدید ترین طریقوں سے روشناس کرایا جائے گا تاکہ جدید تحقیقات اور تجربات سے زیادہ سے زیادہ ڈاکٹروں کو مستفید کرتے ہوئے علاج معالجے میں بہتری لائی جا سکے ․کانفرنس میں بہترین کارکردگی پر گولڈ میڈلز بھی دیئے جائیں گے ․ بائیں نوجوان ڈاکٹر اس موقع پر اپنے ریسرچ پیپرز پیش کریں گے ․ جبکہ مجموعی طو رپر 62 ریسرچ پیپرز پیش کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

پروفیسر نعیم ضیاء نے کہا کہ ان ورکشاپس میں ملکی و بین الاقوامی ماہر ین کے علاوہ پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر, پروفیسر محمد ادریس انور , پروفیسر جہانگیر سرور, پروفیسر محمد حنیف, تنویر خالق, پروفیسر غلام صدیق , پروفیسر نوید اختر, پروفیسر نعیم تاج , پروفیسر ریاض احمد, بریگیڈئر بلال عمیر اور کرنل نعمان امتیاز ٹرینی ینگ ڈاکٹرز کو خصوصی لیکچرز دیں گے ․ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے کی سائنٹفک کانفرنس جو 18 نومبر کو منعقد ہو گی کے مہمان خصوصی معروف سنیئر سرجن پروفیسر اعجاز احسن ہوں گے۔