جمہوری ملک کی حیثیت سے امریکی دوستوں کے صدارتی انتخاب کے موقع پر احساسات اور جذبات کو سمجھ سکتے ہیں ،ْاسحاق ڈار

پاکستان امریکہ سٹریٹجک ڈائیلاگ نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط ادارہ جاتی بنیادوں پر استوار کیا ہے ،ْوزیر خزانہ کا خطاب

بدھ 9 نومبر 2016 19:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جمہوری ملک کی حیثیت سے امریکی دوستوں کے صدارتی انتخاب کے موقع پر احساسات اور جذبات کو سمجھ سکتے ہیں۔ وہ یہاں امریکہ کے قومی دن اور الیکشن ڈے کی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ امریکہ کے قومی دن کی تقریب میں وزیراعظم اور پاکستان کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک جمہوری ملک کی حیثیت سے امریکی دوستوں کے صدارتی انتخاب کے موقع پر احساسات اور جذبات کو سمجھ سکتے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ دیرینہ دوست ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات آزادی، جمہوریت، انفرادی حقوق اور عوام کی طاقت پر یقین سے متعلق مشترکہ تصورات پر مبنی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے 2013ء میں حکومت سنبھالنے کے بعد پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو وسیع البنیاد، کثیر الجہتی اور باہمی مفاد میں شراکت دار بنانے کے لئے کوششیں کیں۔

اس سلسلے میں امریکی صدر بارک اوباما اور وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت اور وژن کی بدولت ہمارے تعلقات مستحکم اور آگے بڑھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ سٹریٹجک ڈائیلاگ نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط ادارہ جاتی بنیادوں پر استوار کیا ہے۔ ڈائیلاگ میکنزم نے دونوں ممالک کو اب تک کی پیشرفت کے مشترکہ جائزہ کے ساتھ ساتھ باہمی تعاون کے لئے نئے شعبوں کی نشاندہی کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطحی رابطوں سے ہمیں باہمی دلچسپی ا ور تشویش کا باعث بننے والے امور پر ایک دوسرے کے نکتہ نظر کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملی ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا اہم اقتصادی اور ترقیاتی پارٹنر ہے، ہم اپنے عوام کے باہمی فائدے کے لئے اپنے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان قریبی تعاون کا تسلسل دہشت گردی کے خلاف جنگ کی کامیابی اور علاقائی امن، سلامتی و خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے بہت اہم ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ وہ امریکی دوستوں کو پاکستان کے وزیراعظم، عوام اور اپنی طرف سے قومی دن کی مبارکباد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آزادی، جمہوریت، امن اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے امریکہ کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

متعلقہ عنوان :