ہر سال اقبال ڈے پر تعطیل کانوٹیفکیشن جاری، مزار عام شہریوں کیلئے کھولا جائے، لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن

علامہ اقبال ؒ نے اپنے کلام میںنوجوانوں کو جگانے کی کوشش کی، ہمیں اقبال ؒ کے فلسفہ کو سمجھنے کی ضرورت ہے، وکلاء رہنما

بدھ 9 نومبر 2016 19:15

لاہور۔9 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ علامہ محمد اقبال ؒ کے یوم ولادت کو پر وقار طریقے سے منانے کیلئے ہر سال اقبال ڈے پر تعطیل کانوٹیفکیشن جاری کیا جائے اورعلامہ محمد اقبال ؒ کا مزار عام شہریوں کیلئے کھولا جائے تاکہ وہ اپنے محسن کی قبر پر حاضری دے سکیں۔لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنر ل ہائوس کے اجلاس میں ایک متفقہ قرارداد منظور کی گئی، اجلاس کی صدارت صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن رانا ضیاء عبدالرحمن نے کی۔

اجلاس میں نائب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سردار طاہر شہباز خاں، سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن محمد انس غازی اور فنانس سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سید اسد بخاری اور مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد علامہ اقبال کے پوتے منیب اقبال کے علاوہ وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

محمد انس غازی ، منیب اقبال ایڈووکیٹ، بشارت خان ایڈووکیٹ، سیف الرحمن ایڈووکیٹ ، صاحبزادہ اشرف عاصمی ایڈووکیٹ، ڈاکٹر انور گوندل ، عبدالرشید قریشی ایڈووکیٹ، نصیر احمد چیمہ ایڈووکیٹ نے علامہ محمد اقبال ؒ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ ؒ نے اپنے کلام میں بطور خاص نوجوانوں کو جگانے کی کوشش کی، ہمیں علامہ اقبال ؒ کے مرد مومن کے فلسفہ کو سمجھنے کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیشہ وہی قومیں ترقی کی منازل طے کرتی ہیں جو اپنے محسنوں اور محب وطن شخصیات کو یاد رکھتی ہیں۔ صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن رانا ضیاء عبدالرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکیم الامت علامہ محمد اقبال ؒ عظیم مفکر اور شاعر مشرق نے پاکستان کی تشکیل میں انتہائی اہم کر دار ادا کیا جس پر ہم ان کے احسان مند ہیں،وہ دو قومی نظریہ کے خالق تھے اور خودی کا فلسفہ دیا جو اس کو سمجھ گیا اسکی دنیا و آخرت سنور گئی، انہوں نے خودی کے فلسفہ پر ہیلری کلنٹن کے ایک بیان کا حوالہ دیا جس میں ہیلری کلنٹن نے کہا کہ ’’ ہم برصغیر میں اگر کسی سے خوفزدہ ہیں تو وہ علامہ اقبالؒ ہیں، کیونکہ ان کے ’’فلسفہ خودی‘‘ کو اگر پاکستان کے عوام سمجھ جائیں تو ایسا انقلاب برپا ہو جو ساری دنیا کو ہلا کر رکھ دے۔

متعلقہ عنوان :