لاہور ہائیکورٹ، ارکان اسمبلی کی پبلک سیکٹر کمپنیوں میں شمولیت کیخلاف درخواست پر پنجاب حکومت کو جواب داخل کرانے کی ہدایت

بدھ 9 نومبر 2016 19:15

لاہور۔9 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی کی پبلک سیکٹر کمپنیوں میں شمولیت کے خلاف درخواست پر پنجاب حکومت کو جواب داخل کرانے کی ہدایت کی ہے۔ جسٹس علی اکبر قریشی نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب حکومت نے پبلک سیکٹر میں ٹرانسپورٹ ، ای پارکنگ، صاف پانی، ویسٹ مینجمنٹ اور میٹ کمپنیاں قائم کی ہیں اور ان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ارکان پنجاب اسمبلی کو شامل کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ قانون کے تحت حکومت کسی رکن اسمبلی کو پبلک سیکٹر کمپنی کا بورڈز آف ڈائریکٹرز نہیں بنا سکتی۔پنجاب حکومت کے وکیل نے جواب داخل کرنے کیلئے مہلت طلب کی جس پرعدالت نے سرکاری وکیل کو جواب داخل کرانے کا آخری موقع دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 17 نومبر تک ملتوی کر دی۔