سعودی عرب کا پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر اور سپر مشاق تربیتی طیارے خریدنے پر غور

سعودی عرب پاکستان کے دفاعی جنگی آلات بالخصوص سپر مشاق طیاروں اور جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی خریداری میں گہری دلچسپی لے رہا ہے، ریاض اور اسلام آباد کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں کے ساتھ دو طرفہ دفاعی تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا،سعودی فضائیہ کے سربراہ میجر جنرل محمد بن صالح العتیبی

بدھ 9 نومبر 2016 19:13

سعودی عرب کا پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر اور سپر مشاق تربیتی طیارے خریدنے ..

اسلام آباد /دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 نومبر2016ء) سعودی عرب اورپاکستان کی مسلح افواج کی مشترکہ مشقوں کے ساتھ ساتھ ریاض حکومت نے پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر بمبار طیارے اور تربیتی مقاصد کے لیے متعدد سپر مشاق تربیتی طیارے خریدنے پر غور شروع کردیا ۔عرب نشریاتی ادارے کے مطابق پاکستان سے بمبار اور تربیتی طیاروں کی خریداری میں دلچسپی سے متعلق تازہ انکشاف سعودی عرب کی فضائیہ کے سربراہ میجر جنرل محمد بن صالح العتیبی نے پاک فوج کی مشقوں کے معائنے کے بعد ایک بیان میں کیا۔

جنرل العتیبی نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے دفاعی جنگی آلات بالخصوص سپر مشاق طیاروں اور جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی خریداری میں گہری دلچسپی لے رہا ہے۔۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاض اور اسلام آباد کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں کے ساتھ دو طرفہ دفاعی تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

سعودی عرب پاکستان کی دفاعی صلاحیت سے استفادے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

بعد ازاں سعودی فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے مراکز کا دورہ بھی کیا۔اس موقع پر جنرل صالح العتیبی نے پاکستانی حکام سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے پاک فوج کی ائیر فورس اکیڈمی میں کیڈٹس کو بہترین تربیت فراہم کرنے کی مساعی کی تحسین کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کی زیر نگرانی کیڈٹس کی پیشہ وارانہ انداز میں تربیت سعودی عرب کو بھی اپنے ہوابازوں کو پاکستان میں تربیت کے لیے بھیجنے میں دلچسپی لے رہا ہے۔