ْماضی کی غلطیوں سے اجتناب کرتے ہوئے شفاف طریقے سے لٹیروں کاکڑا احتساب کرنا ہوگا‘شہبازشریف

پاکستان کے باشعور عوام نے دھرنے والوں کادھڑن تختہ کردیا ہے ،اسلام آبادکو لاک ڈائون کرنے کا اعلان غیر قانونی عمل تھا اربوں روپے لوٹے گئے ،قومی وسائل پر ڈاکہ ڈالا گیا، شفاف احتساب سے قوم کی منزل آسان ہوگی اور آئندہ کا راستہ سہل ہو جائیگا پاکستان کو آج اندرونی وبیرونی چیلنجز کا سامنا ہے ،جن سے نمٹنے کیلئے اتحاد، اتفاق اوریگانگت پرچلتے ہوئے قوم کویکجان ہوناہوگا علامہ اقبالؒکی شاعری اورافکار پر عمل پیراہوکرہی ہماری زندگیوں میں انقلاب آئے گااور پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کریگا اقبالؒ کا پیغام خودی،اخوت،ایثار ،محبت اورمحنت ہم سب کیلئے مشعل راہ تھا ،ہے اور رہے گا‘ وزیراعلیٰ کی مزار اقبالؒ پر میڈیاسے گفتگو

بدھ 9 نومبر 2016 19:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ نے اپنی فکر انگیز شاعری کے ذریعے خودی،اخوت،بھائی چارے،ایثار ،قربانی،محبت اورمحنت کاطاقتور پیغام دیا ہے اور علامہ اقبال کا یہ پیغام یقینا ہم سب کیلئے مشعل راہ تھا ، ہے اور رہے گا۔اگراس شاندار پیغام کو آج سے 70 برس قبل ہم اپنی زندگیوںمیںسمولیتے تو آج پاکستان آسمانوں کی بلندیوں کو چھو رہا ہوتا۔

ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کریںگے تو ترقی کے راستے آسان ہو جائیں گے ،پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کیلئے پوری قوم کو یکجان دو قالب کی طرح متحد ہونا ہوگا۔وہ یوم اقبالؒ کے موقع پر آج مزار اقبالؒ پرحاضری دینے کے بعد میڈیاسے گفتگو کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ ہم نے بحیثیت قوم بہت وقت ضائع کیا ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ اس پر رونے دھونے کے بجائے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھا جائے۔

آج ہمیںاس عظیم شاعرعلامہ اقبالؒ سے عہدکرناہے کہ ان کے ابدی پیغام پر عمل پیراہوکر ہی پاکستان کی منزل کا حصول یقینی بنائیں گے اورعلامہ اقبالؒکی شاعری اورافکار پر عمل پیراہوکرہی ہماری زندگیوں میں انقلاب آئے گااور پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا۔اقبالؒ نے اپنی شاعری اورافکار کے ذریعے جو پیغام دیا ہے اسے ہمیں اپنی عملی زندگی میں اپنانے کی ضرورت ہے ۔

اگر ہم اس پیغام پر دل و جان سے عمل پیرا ہوں گے تو پہاڑ یا سمندر بھی ہماری منزل میں رکاوٹ نہیں بن سکیں گے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کو آج اندرونی اوربیرونی چیلنجز کا سامنا ہے اوران چیلنجز سے مقابلے کیلئے اتحاد، اتفاق، یکجہتی اوریگانگت پرچلتے ہوئے پوری قوم کو یکجان دو قالب ہونا ہے ۔آپس کے باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھنا ہوگا۔

علامہ اقبالؒ نے اپنی شاعری کے ذریعے امن ، بھائی چارے ،اتحاد اوراتفاق کا پیغام دیاہے اوراگر ہم اس راستے پر چلیں گے تو کوئی ہمارا راستہ نہیں روک سکے گا۔انہوںنے کہا کہ علامہ اقبالؒ نے جو پیغام دیا اسی کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ملک کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کیلئے امیر اور غریب کے درمیان تفاوت کو ختم کرنا ہوگااوراس کے ساتھ وسائل پر چھیناجھپٹی کا خاتمہ ضروری ہے ،اسی طر ح غریب قوم کے اربوں روپے لوٹے گئے اورقومی وسائل پر بے دردی سے ڈاکہ ڈالا گیا،ماضی کی غلطیوں سے اجتناب کرتے ہوئے شفاف طریقے سے لٹیروں کاکڑا احتساب کرنا ہوگااوراس شفاف احتساب سے قوم کی منزل آسان ہوگی اور آئندہ کا راستہ سہل ہو جائے گا-انہوںنے کہا کہ پاکستانی قوم انتہائی باصلاحیت اورقوی ہے اور ہمارے پاس بہترین اذہان،باصلاحیت افراد ،بہادر اور جری افواج موجود ہے ۔

انہوںنے کہا کہ سی پیک نے پاکستان میں ایک انقلاب برپا کردیاہے اورسی پیک کے تحت توانائی اورمنصوبے انتہائی تیزرفتاری سے مکمل ہورہے ہیں۔سی پیک ترقی اورخوشحالی کا ضامن ہے۔ انہوںنے کہا کہ اتحاد،اتفاق ،بھائی چارے،یگانگت،یکجہتی اورایثار پر چلیں گے توہم منزل مقصود پر ضرور پہنچ جائیں گے اور پاکستان اپنے پاؤں میں کھڑا ہوکر ایک حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنے گااور اقوام عالم میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گااوردنیا میں پاکستان کو عزت اورتوقیر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔

انشاء اللہ قائدؒ اوراقبالؒ کے خوابوں کی تعبیر ضرور ملے گی۔وزیراعلیٰ نی2نومبر کے دھرنے کے حوالے سے پوچھے گئے میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام نے دھرنے والوں کادھڑن تختہ کردیا ہے اورعوام نے 2نومبر کو احتجاج کی کال دینے والے لوگوں کو یکسر مسترد کیا ہے ۔پاکستان اب آگے بڑھے گا اوراپنی منزل حاصل کرے گا۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ اسلام آبادکو لاک ڈائون کرنے کا اعلان غیر قانونی عمل تھااورعوام اس سے لاتعلق رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :