پانامہ لیکس کے تمام کرداروں کا بلاامتیاز احتساب ہونا چاہیے،سراج الحق

ملک کا اصل مسئلہ کرپشن ہے حکمران مالی اور نظریاتی کرپشن میں ملوث ہیں،امیر جماعت اسلامی

بدھ 9 نومبر 2016 18:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2016ء) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کا مطالبہ شروع سے رہا ہے کہ احتساب ہوتو سب کا اور ہمارا آج بھی یہی مطالبہ ہے کہ پانامہ لیکس کے تمام کرداروں کا بلاامتیاز احتساب ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے مزار اقبال پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سراج الحق نے کہا کہ ملک کا اصل مسئلہ کرپشن ہے۔ پانامہ لیکس نے اس بات کو ثابت کردیا ہے کہ ہمارا موقف درست تھا حکمران مالی اور نظریاتی کرپشن میں ملوث ہیں۔ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ جو بھی لوگ پانامہ لیکس کرپشن میں ملوث ہیں سب کا احتساب ہونا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے ملکی سلامتی سے متعلق ایک ہونے والی خبر کے معاملات کی انکوائری کے لئے جو کمیٹی قائم کی ہے۔

(جاری ہے)

ہمارے اس پر تحفظات ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کمیٹی بنانے کا مقصد اس حساس معاملے پر مٹی ڈالنا ہے۔ انہوںنے سابق وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کو ان کے نصب سے ہٹائے جانے سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے اس مسئلہ پر اپنے ایک وزیر کو قربان کردیا۔ ایک وزیر حکومت نہیں ہوتی اس معاملے میں پوری حکومت ملوث ہے۔ اس لیے اس معاملے کی انکوائری کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے انکوائری کیٹی تشکیل دی جائے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت نے اپنے ہی ہاتھوں سے اپنے ایک وزیر کی قربانی کرکے ثابت کردیا ہے کہ حکومت اس معاملے میں ملوث ہے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت نے اس معاملے پر اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا۔(قیوم زاہد)