ْپنجاب اسمبلی مصروف ترین سڑکوں کی بندش کے خلاف فوری قانون سازی کرے، لاہور چیمبر کا مطالبہ

بدھ 9 نومبر 2016 18:01

لاہور۔9 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پنجاب اسمبلی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مظاہروں اور احتجاج کے نام پرمصروف ترین سڑکوں کی بندش کے خلاف قانون سازی کرے اور اسے سنگین جرم قرار دے کیونکہ اس کی وجہ سے تجارتی‘ معاشی اور سماجی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہورہی ہیں،ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ نہ صرف پنجاب اسمبلی اس سلسلے میں قانون سازی کرے بلکہ ضلعی حکومت‘ قانون نافذ کرنے والے اور دیگر متعلقہ ادارے اس پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد یقینی بنائیں کیونکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ مسئلہ شدت اختیار کرتا جارہا ہے اور قانون و اخلاقیات سے بالاتر ہوکر مظاہرے کرنے والے گروپ مصروف ترین سڑکوں اور ہائی ویز کو بلاک کرکے تاجروں کے لیے بھاری تجارتی و معاشی نقصان اور عوام کے لیے سخت ذہنی اذیت کا باعث بنتے ہیں، انہوں نے کہا کہ روزانہ مظاہروں کی وجہ سے ٹریفک جام ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے تجارتی اشیاء کی آمد و رفت بٴْری طرح متاثر ہوتی ہے، خریدار منڈیوں تک جبکہ طلبا سکولوںاور مریض اسپتالوں تک نہیں پہنچ پاتے اور کئی راستے میں ہی دم توڑ جاتے ہیں،لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ تاجر برادری یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ سڑکیں بلاک کرکے یہ عناصر اپنے حقوق کس طرح حاصل کرسکیں گے، عبدالباسط اور محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ پرامن مظاہرے کرنا لوگوں کا حق ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ دن رات کو کسی بھی وقت اور کہیں بھی مظاہرہ کرسکتے ہیں، لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی اس معاملے کا نوٹس لیکر قانون سازی کرے جبکہ ضلعی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حکومت کے فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :