اقبالؒ نے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی اور جینے کی اُمنگ پیدا کی‘ذکر اللہ مجاہد

وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہمیں اقبال کے افکار پر متحدہو کر آگے بڑھنا ہو گا ‘امیر جماعت اسلامی لاہور

بدھ 9 نومبر 2016 17:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبالؒ نے اُس وقت برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی اور جینے کی اُمنگ پیدا کی جب مسلمان اپنی پہچان کھو چکے تھے اور غلامی کی زنجیر وں میں جکڑے ہوئے تھے تب علامہ محمد اقبال ؒ نے اپنی فکری سوچ، فلسفے اور شاعری کے ذریعے مسلمانوں میں ایک نیاجوش و ولولہ پیدا کیا جس کی اس وقت مسلمانوں کو ضرورت تھی ۔

ان خیالات کااظہار گذشتہ روز انہوں نے علامہ محمد اقبالؒ کی یوم پیدائش کے موقع پر ان کے مزار پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا کے نمائندوںسے گفتگو کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ آج بھی ہمیں اقبال کی فکری سوچ کو اپنے اندر اپنانا ہو گا تاکہ ہمارے ملک کو بے شمار درپیش مسائل سے چھٹکارا حاصل ہو سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہمیں اقبال کے افکار پر متحدہو کر آگے بڑھنا ہو گا۔

ملکی استحکام اور قوم کی آزادی و بقا کے تحفظ کے لیے ذاتی اغراض و مقاصد سے بلند ہو کر ایثار و قربانی سے کام لیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے لیے قربانیوں اور شہدا کے لہو کو کبھی فراموش نہیں کی جاسکتا۔ پاکستان ہمیں اتحاد بین المسلمین اور عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو اس مملکت خدا داد کو حاصل کرنے کے لیے دی گئی تھیں ہر باشعور پاکستانی کو یہ معلوم ہے کہ کن مقاصد کے لیے پاکستان کا قیام عمل میں آیا اور ان ہی مقاصد کے لیے جماعت اسلامی اول دن سے جدوجہد کررہی ہے جس کا خواب شاعر مشرق علامہ محمد اقبال ؒ نے دیکھا تھا ۔

انشاء اللہ بہت جلد جماعت اسلامی کی قیادت ملک کو "اسلامی پاکستان "خوشحال پاکستان بنا کر رہی گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقبال ؒہر قسم کے تعصب سے بالاتراور دیانتدار مفکر تھے اورقائد اور اقبال کے بعد پاکستانی قوم آج تک جمہوریت کے حوالے الجھن کا شکار ہے۔

متعلقہ عنوان :