الخدمت آغوش ہوم راولپنڈی میں ’’اقبال ڈے ’’ کی پروقار تقریب کا انعقاد

بدھ 9 نومبر 2016 17:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) الخدمت آغوش ہوم کے بچوں نی مصور پاکستان ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال ؒکا 139واں یوم پیدائش نہایت عقیدت و احترام کیساتھ منایا۔ ڈاکٹر محمد علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے سلسلے میںالخدمت آغوش ہوم راولپنڈی میں ’’اقبال ڈے ’’ کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی بریگیڈئیر (ر) سرور نوید تھے۔

منعقدہ پروگرام میں ننھے منے بچوں نے مشاعرے کا اہتمام کیا، جس میں بچوں نے اپنے ادبی ذوق کا مظاہرہ کیا اور بچوں کے معصومانہ انداز میں تعریفانہ کلمات ’’واہ واہ ’’نے ایک خوبصورت ماحول پیدا کر دیا۔ننھے پھولوں نے ٹیبلو، ترانے اور قوالیاں بھی پیش کیں۔ آغوش ہوم میں علامہ اقبال کی تصاویر آویزاں کی گئیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں ایڈمنسٹریٹر آغوش ہوم بلال سعید، طلبا و طالبات ، اساتذہ اور دیگر مہمانان گرامی بھی شریک تھے۔

پررونق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر (ر) سرور نوید نے کہا کہ ہمیں ڈاکٹر اقبال کا پیغام سمجھنے کی ضرورت ہے انکا فلسفہ خودی انسانیت کے لیے ایک شاہکار ہے جس پر عمل کر کے انسان ایک طرف دنیا کی رعنائیاں سمیٹ سکتا ہے وہاں اپنی آخرت کے لیے توشہ بھی رکھ سکتا ہے۔ تقریب کے اختتام پرآغوش کے بچوں نے ’’علامہ اقبال برتھ ڈے‘‘ کیک کاٹا۔تقریب کے اختتام طلبہ و اساتذہ اور مہمانوں کی دعاہوا۔