ماضی کی حکومتوں کی طرف سے مؤثر پالیسیوں کے فقدان کے باعث آج وطن عزیز توانائی کے بحران کا شکار ہے،گورنر پنجاب

بدھ 9 نومبر 2016 17:37

لاہور۔9 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمدرفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں کی طرف سے مؤثر پالیسیوں کے فقدان کے باعث آج وطن عزیز توانائی کے بحران کا شکار ہے تاہم موجودہ حکومت اس کے حل کیلئے جس طرح شب و روز کوشاں ہے بہت جلد یہ بحران ختم ہو جائیگا اور روشنیاں لوٹ آئیںگی،وہ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں ان سے ملاقات کی، ملاقات میں گورنر پنجاب نے انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی، گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کی باگ ڈور سنبھالتے ہی وزیر اعظم محمد نوازشریف نے سب سے پہلے توانائی کے نئے منصوبوں کے قیام پر غور کیا اور ان کی پوری ٹیم اس مقصد کے لئے ان کے شانہ بشانہ ہے، گورنر نے کہا کہ گذشہ تین برسوں کے دوران شروع کئے گئے مختلف منصوبوں سے نہ صرف بجلی کے بحران میں کمی ہوئی بلکہ صنعتوں کو بھی توانائی کی فراہمی ممکن ہوئی ہے اور 2018ء تک اس پر مکمل قابو پالیا جائے گا، گورنر پنجاب کو اس موقع پر ملک میں جاری توانائی کے مختلف منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق بریف کیا گیا، چیئر مین واپڈا نے بتایا کہ توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے انرجی کے روایتی طریقہ کے ساتھ ساتھ متبادل ذرائع پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی کردی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :