لاہور ہائیکورٹ بار کا علامہ اقبال ؒ کے مزار کو عام عوام کے لئے کھولنے کا مطالبہ

ہر حکومت علامہ اقبال ؒ کے یوم ولادت کو پر وقار طریقے سے منانے کا اہتمام کرے ،تعطیل کا ہر سال نوٹیفکیشن جاری کیا جائے‘ قرار داد حکیم الامت علامہ اقبال ؒ عظیم مفکر اور شاعر مشرق نے پاکستان کی تشکیل میں انتہائی اہم رول ادا کیا،انکے احسان مند ہیں‘ رانا ضیاء الرحمن

بدھ 9 نومبر 2016 17:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن شاعر مشرق علامہ محمد اقبال ؒ کے مزار کو عام عوام کے لئے کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو بھی حکومت برسر اقتدار ہو اس سے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن مطالبہ کرتی ہے کہ علامہ محمد اقبال ؒ کے یوم ولادت کو پر وقار طریقے سے منانے کا اہتمام کرے اور اقبال ڈے کی تعطیل کا ہر سال نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا ضیاء عبدالرحمن کی زیر صدارت یوم اقبال منانے کے لئے جنرل ہائوس کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نائب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سردار طاہر شہباز خاں، سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن محمد انس غازی اور فنانس سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سید اسد بخاری اور مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد علامہ اقبال کے پوتے منیب اقبال سمیت وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

رانا ضیاء عبدالرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکیم الامت علامہ محمد اقبال ؒ عظیم مفکر اور شاعر مشرق نے پاکستان کی تشکیل میں انتہائی اہم رول ادا کیا جس پر ہم ان کے احسان مند ہیں۔ وہ دو قومی نظریہ کے خالق تھے اور خودی کا فلسفہ دیا۔ جو اس کو سمجھ گیا اسکی دنیا و آخرت سنور گئی۔ انہوں نے خودی کے فلسفہ پر ہیلری کلنٹن کے ایک بیان کا حوالہ دیا جس میں ہیلری کلنٹن نے کہا ’’ ہم برصغیر میں اگر کسی سے خوفزدہ ہیں تو وہ علامہ اقبالؒ ہیں۔

کیونکہ ان کے ’’فلسفہ خودی‘‘ کو اگر پاکستان کے عوام سمجھ جائیں تو ایسا انقلاب برپا ہو جو ساری دنیا کو ہلا کر رکھ دے۔ محمد انس غازی ، منیب اقبال ایڈووکیٹ، بشارت خان ایڈووکیٹ، سیف الرحمن جسراایڈووکیٹ ، صاحبزادہ اشرف عاصمی ایڈووکیٹ، ڈاکٹر انور گوندل ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل، عبدالرشید قریشی ایڈووکیٹ، نصیر احمد چیمہ ایڈووکیٹ سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن، سرگودھا نے علامہ محمد اقبال ؒ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ ؒ نے اپنے کلام میں بطور خاص نوجوانوں کو جگانے کی کوشش کی۔

ہمیں علامہ اقبال ؒ کے مرد مومن کے فلسفہ کو سمجھنے کی اس پرفتن دور میں بہت زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے یوم اقبال پر تعطیل کا اعلان نہ کرنے پر حکومت وقت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ افراتفری کے اس دور میں اور نظریہ پاکستان سے لا علم نئی پود کو علامہ اقبال کے کلام کو سمجھنے کی جتنی ضرورت آج سے پہلے کبھی نہ تھی۔ انہوں نے کہا ہمیشہ وہی قومیں ترقی کی منازل طے کرتی ہیں جو اپنے محسنوں اور محب وطن شخصیات کو یاد رکھتی ہیں ۔

سردار طاہر شہباز خاں نے آج کے دن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ علامہ محمد اقبال ؒ ہم وکلاء میں سے تھے ان کی یاد منانا ہمارے لئے لازم ہے چائے حکومت یہ دن منائے یا نہ منائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد علامہ اقبال لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے ممبر بھی تھے۔ لہٰذا آج ہم یوم اقبال منانے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے موقع کی مناسب سے علامہ اقبال کا مندرجہ ذیل شعر سبق پڑھ پھر صداقت کا ، عدالت کا شجاعت کا۔

۔لیا جائے گا تجھ سے کام دنیا کی امامت کا پڑھا۔ اس موقع پر چوہدری عبدالحمید گجر ایڈووکیٹ ہائیکورٹ نے علامہ محمد اقبال ؒ کا کلام ہائوس کے سامنے پیش کیا۔ اس موقع پر محمد انس غازی نے سردار طاہر شہباز خاں نائب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی پیش کردہ مندرجہ ذیل قرارداد رائے شماری کیلئے ہائوس کے سامنے پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ جو بھی حکومت برسر اقتدار ہو اس سے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن مطالبہ کرتی ہے کہ علامہ محمد اقبال ؒ کے یوم ولادت کو پر وقار طریقے سے منانے کا اہتمام کرے اور اقبال ڈے کی تعطیل کا ہر سال نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔علامہ محمد اقبال ؒ کا مزار جنرل پبلک کیلئے کھولا جائے تاکہ وہ اپنے محسن کی قبر پر حاضری دے سکیں۔