واپڈا کے ہیلتھ کیئر سسٹم میں مزید بہتری لائی جائے گی‘ چیئرمین واپڈالیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین

واپڈا ٹیچنگ ہسپتال لاہور کے شعبہ کارڈیالوجی کو اپ گریڈ کرکے انسٹی ٹیوٹ میں تبدیل کرنے کا پلان بنایا جائے‘متعلقہ حکام کو ہدایت

بدھ 9 نومبر 2016 17:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2016ء) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین( ریٹائرڈ) نے واپڈا ٹیچنگ ہسپتال کمپلیکس لاہور کا دورہ کیا اور ہسپتال میں واپڈا اور پاور سیکٹر کے ملازمین اور اُن کے اہلِ خانہ کو مہیا کی جانے والی خدمات اور سہولیات کا جائزہ لیا ۔اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ ملازمین اور اُن کے اہلِ خانہ کو علاج معالجہ کی سہولیات بہم پہنچانے کے لئے واپڈا کا ملک بھر میں بہت اچھا ہیلتھ کیئر سسٹم موجود ہے ۔

علاج معالجہ کی معیاری سہولیات ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے بہت اہم ہوتی ہیں لہٰذا واپڈا نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ملازمین کے لئے اپنے ہیلتھ کیئر سسٹم میں مزید بہتری لائی جائے گی ۔اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ واپڈا ٹیچنگ ہسپتال کمپلیکس کے کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی اپ گریڈیشن کرکے اُسے کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں تبدیل کرنے کے لئے پلان تیار کریں، تاکہ مریضوں کو معیاری طبّی سہولیات فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے ہسپتال میں قائم جدید ترین برن یونٹ کی بھی تعریف کی ۔ہسپتال کے دورے میں انہوں نے ایمرجنسی /ٹراما سنٹر ، بلڈ بنک اور لیبارٹری ، فارمیسی ، انتہائی نگہداشت کا یونٹ ، برن یونٹ،آئوٹ ڈور ، آئی ، ڈینٹل اور فزیو تھراپی سمیت مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا ۔ اُنہوں نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز سے مریضوں کیلئے دستیاب سہولیات اور اُن کے شعبہ کے مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ واپڈا کا موجودہ ہیلتھ کیئر سسٹم پورے ملک میں موجود ہے اور یہ 250بستروں کے ایک ٹیچنگ ہسپتال ، 50بستروں کے 9ہسپتالوں ، 20 بستروں کے دو ہسپتالوں ، 13 فورٹیفائیڈ اور 16 بنیادی ڈسپنسریوں پر مشتمل ہے ۔

متعلقہ عنوان :