ایف پی سی سی آئی الیکشن،مخالفین کوچور راستوں سے بھاگنے کا موقع نہیں دیں گے،خالدتواب

زبیرطفیل بھاری اکثریت سے صدر منتخب ہونگے،بزنس کمیونٹی کے مفادات کا سودا کرنے والوں کو پھر گھر جانا ہوگا،گلزار فیروز

بدھ 9 نومبر 2016 17:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2016ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی) نے وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت(ایف پی سی سی آئی)میں30دسمبرکو ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے باقاعدہ طور پر الیکشن سیل نے کام شروع کردیا ہے۔یونائٹیڈ بزنس گروپ کی سندھ کی کورکمیٹی کے چیئرمین خالد تواب نے ایک جائزہ کمیٹی کے قیام کا بھی فیصلہ کیا ہے جو الیکشن کے اختتام تک جاری رہنے والی انتخابی سرگرمیوں کا باریک بینی سے جائزہ لے گی۔

خالدتواب نے کہا ہے کہ الیکشن میں یو بی جی کی بھاری اکثریت سے مخالف گروپ پہلے ہی بوکھلا چکا ہے اور اب انہیںچور راستوں سے بھی ایکشن سے بھاگنے کا موقع نہیں ملے گاکیونکہ ہم انہیں فرار ہونے نہیں دیں گے۔یو بی جی کے ترجمان گلزار فیروز کے مطابق ہمارے گروپ کے صدارتی امیدوار زبیرطفیل ،سینئرنائب صدرعامر عطا باجوہ اور دیگر تمام امیدواروں کے سامنے موجود امیدوار چاہے کتنے ہی کمزور کیوں نہ ہوں ہم الیکشن بھرپور انداز میں لڑیں گے اور یو بی کے لیڈران ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک کی واضح ہدایت ہے کہ مخالفین کو راہ فرار کا بھی موقع نہ دیا جائے۔

(جاری ہے)

گلزار فیروز نے کہا کہ یوبی جی کو ووٹرز کی بھرپور حمایت حاصل ہے اور ہم متحد رہ کر مخالف امیدوار کرعبرتناک شکست سے دوچار کریں گے اور یو بی جی کے صدارتی امیدوار زبیرطفیل سمیت تمام عہدوں پر ہمارے امیدواروں کو اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل ہوگی اور بزنس کمیونٹی کے مفادات کا سودا کرنے والے اپوزیشن گروپ کو ایک بار پھر گھر جانا ہوگا۔یو بی جی کے ترجمان نے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ نے اقتدار کے پہلے سال سے ہی بزنس کمیونٹی سے کئے گئے وعدے پورے کئے اور ہمارے گروپ کے دونوںصدور میاں محمدادریس اور عبدالرئوف عالم نے اپنی اپنی ٹیم کے ساتھ ملکرفیڈریشن چیمبر سے بے قاعدگیوں اور کرپشن کا خاتمہ کیا اوربے مثال کارکردگی کی بدولت یونائٹیڈ بزنس گروپ مسلسل تیسرے سال بھی کامیابی حاصل کرے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کے برسراقتدار گروپ کی جانب سے 20سال تک فیڈریشن میں کی جانے والی لوٹ مارنے بزنس کمیونٹی کا سرجھکا دیا تھا لیکن یوبی جی نے ایک بار پھر بزنس کمیونٹی کو فخر سے سراٹھا کر جینا سکھایا ہے اور ہم انکے مسائل حکومت سے حل کرنے کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔گلزار فیروز نے کہا کہ اس وقت سب سے اہم ضرورت پاکستان کی معاشی حالت بہتر بنانے کیلئے اجتماعی جدوجہد کی ہے کیونکہ مضبوط معیشت ہی غربت،بیروزگاری اور مہنگائی کو دور کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 30دسمبر کوایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں یو بی جی کے امیدواروں کی نامزدگی کا مرحلہ مکمل ہوتے ہی یو بی جی الیکشن سیل میں ورکنگ مزید تیز کردی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :