پنجاب اسمبلی مصروف ترین سڑکوں کی بدترین بندش کے خلاف فوری قانون سازی کرے‘ لاہور چیمبر

پرامن مظاہرے کرنا لوگوں کا حق ہے ،اس کا مطلب یہ نہیں وہ دن رات کو کسی بھی وقت اور کہیں بھی مظاہرہ کرسکتے ہیں

بدھ 9 نومبر 2016 17:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2016ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پنجاب اسمبلی پر زور دیا ہے کہ وہ مظاہروں اور احتجاج کے نام مصروف ترین سڑکوں کی بندش کے خلاف قانون سازی کرے اور اسے سنگین جرم قرار دے کیونکہ اس کی وجہ سے تجارتی، معاشی اور سماجی سرگرمیاں بٴْری طرح متاثر ہورہی ہیں۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ نہ صرف پنجاب اسمبلی اس سلسلے میں فوری قانون سازی کرے بلکہ ضلعی حکومت، قانون نافذ کرنے اور دیگر متعلقہ ادارے اس پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد یقینی بنائیں کیونکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ مسئلہ شدت اختیار کرتا جارہا ہے اور قانون و اخلاقیات سے بالاتر ہوکر مظاہرے کرنے والے گروپ مصروف ترین سڑکوں اور ہائی ویز کو بلاک کرکے تاجروں کے لیے بھاری تجارتی و معاشی نقصان اور عوام کے لیے سخت ذہنی اذیت کا باعث بنتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ روزانہ مظاہروں کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے تجارتی اشیاء کی آمد و رفت بٴْری طرح متاثر ہوتی ہے، خریدار منڈیوں تک جبکہ طلبا سکولوںاور مریض اسپتالوں تک نہیں پہنچ پاتے اور کئی راستے میں ہی دم توڑ جاتے ہیں۔لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ان عناصر کو لوگوں کے جان و مال سے کھیلنے کی اجازت کس نے دی ہے، تاجر برادری یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ سڑکیں بلاک کرکے یہ عناصر اپنے حقوق کس طرح حاصل کرسکیں گے۔

عبدالباسط اور محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ پرامن مظاہرے کرنا لوگوں کا حق ہے لیکن اس کا مطلب نہیں نہیں کہ وہ دن رات کو کسی بھی وقت اور کہیں بھی مظاہرہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین اور عوام کے حقوق کے درمیان توازن قائم ہونا چاہیے، اگر کوئی مظاہرہ کرتا ہے تو یہ یقینی بنایا جائے کہ اس کی وجہ سے کوئی اور متاثر نہ ہو۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی اس معاملے کا نوٹس لیکر فوری قانون سازی کرے ۔

احتجاج کرنے والے گروپس کو پابند کیا جائے کہ وہ مظاہرہ یا احتجاج کرنے سے قبل اجازت لیں جبکہ وقت اور جگہ کا تعین حکومت کرے جبکہ ضلعی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حکومت کے فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے سیاستدانوں پر بھی زور دیا کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے احتجاج کی سیاست نہ کریں کیونکہ اس کی وجہ سے لوگوں میں احتجاج ، مظاہروں اور سڑکیں بند کرنے کا رحجان بڑھ رہا ہے۔