ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی سے دنیا میں بڑی تبدیلی آئیگی،سید خورشید احمد شاہ

را ایجنٹ کے طور پر پکڑا جانیوالاکلبھوشن یادیو حاضر سروس بھارتی فوجی افسر تھا ، مستقل وزیر خارجہ نہ ہونے کے باعث ہم بھارت کا بھیانک چہرہ دنیا کو نہ دکھا سکے جو خارجہ پالیسی کی بڑی ناکامی ہے تحریک انصاف کا قانون انصاف کمیٹی میں نہ آنا انتہائی تعجب خیز ہے ، معلوم نہیں کیا کھیل کھیل رہی ہے، عمران کا پارلیمانی تجربہ ہے نہ ہی سیاست کا ،اس لئے وہ اب تک پارلیمان کی اہمیت کو نہیں سمجھ سکے،پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو

بدھ 9 نومبر 2016 17:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2016ء) قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی سے دنیا میں بڑی تبدیلی آئیگی،را ایجنٹ کے طور پر پکڑا جانیوالاکلبھوشن یادیو حاضر سروس بھارتی فوجی افسر تھا ، مستقل وزیر خارجہ نہ ہونے کے باعث ہم بھارت کا بھیانک چہرہ دنیا کو نہ دکھا سکے جو خارجہ پالیسی کی بڑی ناکامی ہے،تحریک انصاف کا قانون انصاف کمیٹی میں نہ آنا انتہائی تعجب خیز ہے ، معلوم نہیں کیا کھیل کھیل رہی ہے، عمران کا پارلیمانی تجربہ ہے نہ ہی سیاست کا ،اس لئے وہ اب تک پارلیمان کی اہمیت کو نہیں سمجھ سکے ۔

قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد پوری دنیا میں بڑی تبدیلی آئیگی،پاکستان سمیت پوری دنیا کو اپنی خارجہ پالیسیوں پر نظر ثانی کرنا ہوگی، انہوںنے کہا کہ صدارتی انتخابات کی اس تبدیلی کا اثر اندرونی طور پر امریکہ میں بھی ہوگا اور دنیا بھی متاثر ہوگی، انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو حاضر سروس بھارتی فوجی افسر تھا جو را کے ایجنٹ کے طور پر پکڑا گیا، انہوں نے کہا کہ مستقل وزیر خارجہ نہ ہونے کے باعث ہم دنیا کو بھارت کا بھیانک چہرہ نہیں دکھا سکے، خارجہ پالیسی کی اس سے بڑی ناکامی اور کیا ہوگی ،خورشید شاہ نے کہا کہ یہی چیز اگر خدانخواستہ بھارت کے ہاتھ لگ جاتی تو ہمیں عالمی کٹہرے میں لاکھڑا کرتا، انہوں نے کہا کہ افسوس لیگی حکومت نے معاملے کو محسوس تک نہیں کیا ، اس سے افواج پاکستان کی کوششوں کو بھی دھچکالگا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم بارہا مطالبہ کرچکے ہیں لگتاہے حکومت کے پاس کوئی شخص وزیر خارجہ بننے کے لائق ہی نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا قانون انصاف کمیٹی میں نہ آنا انتہائی تعجب خیز ہے ،پاناما کیس اپنی جگہ لیکن قانون سازی اپنی جگہ، معلوم نہیں تحریک انصاف کیا کھیل کھیل رہی ہے، انہوں نے کہا کہ الزام لگانے اور گالیاں دینا اپوزیشن نہیں، اپوزیشن وہ ہے جو ہم پارلیمنٹ میں رہ کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بارہا پارلیمان کے حوالے سے نازیبا الفاظ استعمال کئے اور پھر پارلیمان میں بھی آئے ، انہوں نے کہا کہ عمران کا پارلیمانی تجربہ ہے نہ ہی سیاست کا اس لئے وہ اب تک پارلیمان کی اہمیت نہیں سمجھ سکے ہیں۔