اسلام آباد تحصیل دفتر کی آئی نائن منتقلی کے خلاف ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کا عدالتوں کا بائیکاٹ

بدھ 9 نومبر 2016 17:19

․اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اسلام آباد نے تحصیل دفتر کی آئی نائن سیکٹر منتقلی پر عدالتوں کا بائیکاٹ کرتے ہوئے مکمل ہڑتال کی ۔بدھ کو بار ایسوسی ایشن کے صدر سید محمد طیب ایڈووکیٹ نے بتایا کہ بار ایسوسی ایشن کو اعتماد میں لیئے بغیر تحصیل دفتر کو آئی نائن کے علاقے میں منتقل کیا گیا ہے جس کے باعث سائلین اور وکلاء کو مشکلات کا سامنا کرنے پڑے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بار ایسوسی ایشن کے وفد نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سے ملاقات کے دوران انہیں وکلاء کے تحفظات کے بارے میں آگاہ کیا تھا کہ اگر دفتر منتقل کیا گیا تو وکلاء راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہو جائیں گے جس پر ڈی سی اسلام آباد نے یقین دہانی کرائی کہ وہ چیف کمشنر سے مشاورت کے بعد وکلاء کو آگاہ کر دیں تاہم اس بارے کوئی رابطہ نہ کرنے پر بار ایسوسی ایشن نے عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا ۔انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں تحصیل کے دفاتر کچہری کے قریب ہوتے ہیں تاکہ سائلین اور وکلاء کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ سید طیب ایڈووکیٹ نے کہا کہ اگر تحصیل دفتر کو منتقل کرنے کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو وکلاء احتجاجی تحریک کا بھی آغاز کر سکتے ہیں ۔