محکمہ ثقافت کے زیراہتمام علاقائی ثقافت کے فروغ کیلئے تقاریب نومبر کے آخری ہفتے سے شروع ہونگی

بدھ 9 نومبر 2016 17:15

پشاور۔09نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء)محکمہ ثقافت خیبرپختونخوا نے صوبہ میں ثقافتی روایات ، کھیل ، آرٹ ، مذہبی اور دیگر ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے رچ پراجیکٹ کے تحت صوبہ کی تمام ڈسٹرکٹ اور تحصیلوں میں تقاریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں 1596 مختلف تقاریب ، محفلیں اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا ، ڈائریکٹریٹ آف کلچر خیبرپختونخوا کی زیر نگرانی رچ پراجیکٹ کے تحت ثقافتی سرگرمیوں کے دوسرے مرحلے کا آغاز نومبر کے آخری ہفتے سے کیا جائے گاجو کہ صوبہ کی 25 ڈسٹرکٹ اور 74تحصیلوں میں منعقد کی جائینگی اور یہ 4ماہ تک جاری رہینگی ،پراجیکٹ میں ثقافتی کھیلوں کا انعقاد جس میں مرگھاٹی ، چندرو، سنو گالف (کالاش) ، لڈو، چینجو، گلی ڈنڈا، مخا ، ٹانگہ ریس سمیت مختلف علاقائی کھیل شامل ہیں جبکہ اس کیساتھ ساتھ نوجوان نسل کی تربیت اور رہنمائی کیلئے ٹریننگ اور دیگر پروگرام ترتیب دیئے جائینگے ، اس کے علاوہ مشاعرے ، رباب منگے کی محفلیں، ہجرے میں شام کے اوقات میں محفلیں سمیت ادب کے شعبے میں بھی ٹریننگ دی جائے گی تاکہ نوجوان نسل کو پتہ لگ سکے کہ کلچر صرف موسیقی تک محدود نہیں بلکہ اس میں علاقائی ثقافتی ، اقلیتی پروگرام ، مشاعرے ، ادب اور دیگر علاقائی ثقافت کا بھی اہم کردار ہے جس کیلئے باقاعدہ ٹریننگ دی جائے گی ، اس پراجیکٹس کیلئے 9کروڑ 70 لاکھ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے ، ڈائریکٹریٹ آف کلچر کے مطابق رچ پراجیکٹ کے پہلے مرحلے فیز 1میں 24 ڈسٹرکٹ اور 72 تحصیلوں میں علاقائی ثقافت کی ترقی اور رونمائی کیلئے سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا تاہم فیز 2 میں اس بار اس پراجیکٹ کو صوبے کی تمام ڈسٹرکٹ اور تحصیلوں میں ایک ساتھ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ہماری نوجوان نسل اپنی علاقائی ثقافت ، علاقائی کھیل ، مذہب ، تہذیب و تمدن اور دیگر علاقائی ثقافتی روایات سے روشناس ہو سکے۔

(جاری ہے)

اس پراجیکٹس کیلئے اب تک 103 تنظیموں نے رجوع کیا ہے۔