پولیوکا خاتمہ ہمارے لئے ایک بڑا چیلنج ہے، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ

بدھ 9 نومبر 2016 17:15

ْ پشاور۔09نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ظاہر شاہ نے کہا ہے کہ پولیوکا خاتمہ ہمارے لئے ایک بڑا چیلنج اور زندگی اور موت کا مسئلہ ہے اس کی مکمل بیخ کنی کے لئے ہر ایک نے اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا سے اس موذی مرض کا خاتمہ ہو چکا ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں اب بھی یہ موجود ہے جو کہ ایک المیہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں انسداد پولیو کے ضلعی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں متعلقہ محکمو ں کے حکام کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکوہاٹ محمد جنید خان بھی موجود تھے۔اجلاس میں پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے پولیو ٹیموں کو فعال بنانے اور ان کی مانیٹرنگ کافیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پولیو ٹیموں سے تعاون نہ کرنے والوں کے ساتھ بھی سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ پولیو مہم کو ہر صور ت کامیاب بنانا ہمارا مشن ہے لہذا اس سلسلے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کہ پولیو مہم میں نہ صرف تعاون نہ کرنے والے سرکاری اہلکاروںبلکہ والدین کے خلاف بھی بلاامتیازکارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی حوصلہ افزا ہے کہ نومبر2014کے بعد کوہاٹ میں پولیو کا کوئی کیس رجسٹر نہیں ہوا ہے جس کا کریڈٹ تمام متعلقہ اداروں اور حکا م کوجاتاہے تاہم انہوں نے متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ پولیو کے خلاف مہم میں مزید تیزی لائیں اور ضلع کے 5سا ل سے کم عمر کے ہر بچے تک رسائی یقینی بنائیں تاکہ کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے نہ رہ جائے۔

ظاہر شاہ نے والدین سے بھی اپیل کہ وہ اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لئے اینٹی پولیو قطرے ضرور پلوائیںاور پولیو فری پاکستان بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔