حاجی عبدالحق کی زیر صدارت ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹی کوہستان کااجلاس

بدھ 9 نومبر 2016 17:15

پشاور۔09نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ حاجی عبدالحق کی زیر صدارت ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹی کوہستان کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں اراکین صوبائی اسمبلی عبدالستار خان اور مولانا عصمت اللہ کے علاوہ ڈپٹی کمشنر کوہستان مشتاق خان اور قومی تعمیر نو کے محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع کوہستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار اور معیار کے علاوہ منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ضلع کوہستان میں منی ہائیڈر ل پاور پراجیکٹس کی بروقت تکمیل اور اس ضمن میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے صوبائی مشیر نے کہا کہ عوامی مفادات کے حامل منصوبوں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ پختونخوا انرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن(پیڈو) کو بھی ہدایت کی گئی کہ جوہائیڈرل پراجیکٹس مکمل ہو چکے ہیں کنسلٹنٹس کی اجازت کے بغیر ان کی منظوری نہ دی جائے اور جن پراجیکٹس کے ٹینڈرز ہو چکے ہیں ان پر بلا تاخیر کام شروع کیاجائے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مشیر موصوف نے متعلقہ محکمہ کو ہدایت کی کہ ضلع کوہستان میں سیلاب سے تباہ شدہ ایریگیشن چیلنز کی جلد بحالی کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکمے اپنے فرائض میں کسی قسم کی غفلت نہ برتیں تاکہ متاثرہ لوگوںکو جلد ریلیف مل سکے۔