قوموں کی ترقی و خوشحالی کا راز بامقصد او راعلیٰ تعلیم کے فروغ میں مضمر ہے۔محمد عاطف

بدھ 9 نومبر 2016 17:15

پشاور۔09نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی و خوشحالی کا راز بامقصد اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں مضمر ہے اور اس شعبے کی اہمیت و افادیت کے پیش نظر تعلیم کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پشاور میں ابتدائی و ثانوی تعلیم کے شعبے میں شروع کئے گئے مختلف منصوبوں پر کام کی رفتار سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم ڈاکٹر شہزاد بنگش، سپیشل سیکرٹری قیصر عالم اورڈائریکٹر سکولز محمد رفیق خٹک بھی موجود تھے۔اجلاس میں فرنیچر پراجیکٹ، 500آئی ٹی لیب کے قیام، تعلیمی بورڈز کے زیر انتظام کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی ، کنڈیشنل گرانٹ، پی ٹی سی فنڈزپلے ایریاز،گرلز کیڈٹ کالج مردان کا قیام، سمارٹ سکولز، سٹینڈرڈائزیشن آف ہائر سیکڈری سکولز، برٹش کونسل کے تعاون سے ٹیچرز ٹریننگ پروگرام،سرکاری سکولوں میں ناپید سہولیات کی فراہمی اورسکول بیسڈ ریکروٹمنٹ سمیت پرائیوٹ سکولز ریگولیٹری اتھار ٹی بل جیسے امور پر اب تک ہونے والی پیش رفت اور اس ضمن میں حائل رکائوٹوں پر تفصیلی بحث ہوئی اور کئی اہم فیصلے بھی کئے گئے ۔

(جاری ہے)

بریفنگ کے دوران اجلاس کو بتایا گیا کہ آئی ٹی لیب کے قیام کیلئے ٹینڈر پراسس مکمل ہو گیا ہے۔ اسی طرح گرلز کیڈٹ کالج مردان کا سنگ بنیاد جون2017ء سے پہلے متوقع ہے جبکہ سٹینڈرڈ ائزڈ سکولز پراجیکٹ کے تحت 45 سکولوں پر کام شروع کر دیا گیاہے۔ اجلاس سے اپنے مختصر خطاب میں وزیر تعلیم محمد عاطف نے تمام منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ عملی کام پر یقین رکھتے ہیں اور حکومت کی طرف سے لمحہ بہ لمحہ جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے تمام ممکن اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ تمام منصوبے مقررہ وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچائے جاسکیں۔

متعلقہ عنوان :