جرمنی کی وفاقی وزارت ڈویژن برائے پا ک افغان امورکے وفد کی وزیر بلدیات سے ملاقات

بدھ 9 نومبر 2016 17:15

پشاور۔09نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت الله سے بدھ کے روز پشاور میں جرمنی کی ترقی و مالی تعاون کی وفاقی وزارت ڈویژن برائے پاکستان و افغانستان کے ڈاکٹر ہینگ پلٹ کی قیادت میں ایک نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔اس موقع پر سیکرٹری بلدیات سید جمال الدین شاہ بھی موجود تھے۔

وفد سے بات چیت کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر نے پاک جرمن تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرمن کی فلاحی تنظیموں بشمول جی آئی زیڈ پاکستان اور خیبر پختونخوا میں مفاد عامہ کے کئی پراجیکٹ شروع کر رکھے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ مستقبل میں بھی مزید فلاحی پراجیکٹس کا اجراء کریں گے۔عنایت الله نے وفد کو نئے بلدیاتی نظام کے بارے مختصر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں لوکل باڈی سسٹم کو مزید فعال بنانے کیلئے صوبائی حکومت نے حال ہی میں نہ صرف لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013کو پاس کیا بلکہ مقامی سطح کی حکومتوں کے شکایات کے ازالے کیلئے لوکل گورنمنٹ کمیشن کا قیام بھی عمل میں لایا گیا جس سے لوگوں کے بنیادی مسائل و شکایات اور ترقیاتی منصوبے بغیر کسی تعطل کے بروقت پایہ تکمیل تک پہنچ رہے ہیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ موجودہ مالی سال کے بجٹ میں اب تک 15ارب روپے بھی جاری ہو چکے ہیںاور صوبہ بھر میں بلاتفریق و امتیاز منتخب نمائندوں کے ذریعے ترقیاتی سکیمیں پایہ تکمیل پہنچ رہے ہیں۔سینئر وزیر نے مزید بتایا کہ صوبے میں بلدیاتی نظام کے تحت ڈسٹرکٹ ،تحصیل اور ویلج کی سطح پر حکومتیں بھی قائم کی گئی ہیںجو پاکستان کے دیگر صوبوں سے یکسر مختلف ہیں کیونکہ وہاں محض بلدیاتی الیکشن ہوئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے مقامی سطح پر حقیقی معنوں میں بلدیاتی نمائندوں کو مالی اور انتظامی طور پر با اختیار بنایا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے ُامید ظاہر کی کہ ہینگ پلٹ محکمہ بلدیات کے استعداد کار بڑھانے کیلئے بلدیاتی نمائندوں اور افسران کی کیپسٹی بلڈنگ میں بھرپور تعاون کریں گے۔وفد نے خیبر پختونخوا میں نئے بلدیاتی نظام کی تعریف کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :