وزیراعظم محمد نواز شریف کی امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کو صدارتی انتخابات میں تاریخی کامیابی پر مبارکباد

ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی درحقیقت امریکہ کے عوام اور ان کے جمہوریت، آزادی، انسانی حقوق اور آزادانہ انٹر پرائز کے تصورات پر پختہ یقین کی فتح ہے، دونوں اقوام کو قریب تر لانے کے لئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں، پاکستان امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کے لئے پرعزم ہے، وزیر اعظم محمد نواز شریف کا نومنتخب امریکی صدر کے نام تہنیتی پیغام

بدھ 9 نومبر 2016 16:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کو صدارتی انتخابات 2016ء میں تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دونوں اقوام کو قریب تر لانے کے لئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں جبکہ پاکستان امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کے لئے پرعزم ہے۔

بدھ کو نومنتخب امریکی صدر کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعظم نے پاکستان کی حکومت، عوام اور اپنی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکہ کے عوام کو امریکہ کے 45 ویں صدر کی حیثیت سے ان کے انتخاب پر پرخلوص مبارکباد دی۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ان کا انتخاب درحقیقت امریکہ کے عوام اور ان کے جمہوریت، آزادی، انسانی حقوق اور آزادانہ انٹر پرائز کے تصورات پر پختہ یقین کی فتح ہے۔

(جاری ہے)

سب سے اہم بات یہ ہے کہ ان کی شاندار کامیابی اس یقین کی مظہر ہے کہ امریکہ کے عوام نے اپنے عظیم ملک کی خدمت کے لئے ان کی قیادت، بصیرت اور عزم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے پاکستان اور امریکہ تذویراتی شراکت دار ہیں جس کی جڑیں آزادی، جمہوریت، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کے ایک جیسے تصورات میں پیوست ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا پختہ یقین ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری وسیع تر خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لئے ضروری ہے جسے پاک امریکہ تعلقات کے مزید استحکام کے لئے اہمیت حاصل رہے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور گہرا کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہیں جو دونوں اقوام کی امنگوں کے عکاس ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کو قریب تر لانے اور خطے اور اس سے باہر امن، سلامتی اور خوشحالی کے حصول کے لئے اپنی باہمی شراکت داری کو اہم ذریعہ کے طور پر بروئے کار لانے کے لئے نومنتخب امریکی صدر کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔