پی ٹی آئی والوں کو ملکی سیکیورٹی معاملات کے حوالے سے کچھ پتہ ہی نہیں ،ْعابد شیر علی

پی ٹی آئی والے مسلح افواج کو بار بار سیاست میں گھسیٹنے کی ناکام کوشش کرتے ہیں ،ْکچھ حاصل نہیں ہوگا ،ْانٹرویو

بدھ 9 نومبر 2016 16:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2016ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں کو ملکی سیکیورٹی معاملات کے حوالے سے کچھ پتہ ہی نہیں یہ بڑے حساس معاملات ہوتے ہیں ،یہ لوگ تو خواہ مخواہ ہی سر گھساتے رہتے ہیں اور وزیراعظم محمد نواز شریف پر بلا وجہ بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگاتے رہے ہیں ،ْ ہم پاکستانی مسلح افواج کی سب سے زیادہ عزت و توقیر کرتے ہیں تاہم پی ٹی آئی والے مسلح افواج کو بار بار سیاست میں گھسیٹنے کی ناکام کوشش کرتے ہیں، کرتے رہیں گے لیکن انہیں حاصل کچھ بھی نہیں ہوگا اور نہ ہی ان کی دال گلے گی۔

ایک انٹرویومیں عابد شیر علی نے کہاکہ میرے خیال میں پی ٹی آئی والے خود سیکیورٹی رسک ہیں، انہیں چاہیے کہ کسی پر بھی بلاوجہ اور بغیر ثبوتوں کے الزامات لگانے سے گریز کریں کیونکہ حقائق سے ہٹ کر کسی کی بھی کوئی بات تسلیم نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

عابد شیر علی نے کہا کہ میں اگر یہ کہوں کہ سیکیورٹی کے حوالے سے یہ بات وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ نے کی ہے تو یہ غلط بات ہوگی کیونکہ میرے پاس کوئی ٹھوس ثبوت ہی نہیں اس لیے ان لوگوں کو بھی چاہیے کہ بغیر ثبوتوں کے کسی پر بھی الزامات نہ لگائیں اور حقائق کا سامنا کریں۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ رائے دینے کا ہر کسی کو اختیار ہے تاہم معزز ججز کے بارے میں نازیبا الفاظ کا استعمال اور ان پر بلاوجہ کی تنقید درست عمل نہیں اور پی ٹی آئی والے تو کسی کو بھی نہیں بخشتے اور ہر کسی کو نشانہ بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے عدالت یں جو پٹیشن دائر کی ہے اس میں یہ لوگ کوئی بھی ثبوت پیش نہیں کر سکے، ملک کی عدالتیں آزاد ہیں اور اگر کسی کے پاس کوئی ثبوت ہے تو اسے چاہیے کہ وہ عدالتوں میں پیش کرے ہم عدالتوں کا احترام کرنیوالے لوگ ہیں اس لیے عدالتوں کے ہر فیصلے کو قبول کریں گے۔

عابد شیر علی نے کہا کہ پانامہ پیپرز کے معاملے پر حکومت شروع دن سے ہی کلیر ہے جبکہ اپوزیشن ہی بار بار اپنا موقف تبدیل کرتی رہی ہے، اب معاملہ سپریم کورٹ میں ہے اور دستاویزات کی بنا پر فیصلہ ہوگا اور دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائیگا، حق اور سچ کی فتح ہوگی اور جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو منہ کی کھانی ہوگی اور انہیں ماضی کی طرح سوائے مایوسی کے اور کچھ بھی حاصل نہیں ہو گا۔

متعلقہ عنوان :