وزیراعظم نواز شریف کی ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ کا 45 واں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

گزشتہ سات دہائیوں سے پاکستان اور امریکہ تزویراتی شراکت دار ہیں‘ دونوں ملکوں کے تعلقات آزادی‘ جمہوریت‘ باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں‘ امریکی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہش مند ہیں، وزیراعظم نواز شریف

بدھ 9 نومبر 2016 16:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 نومبر2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ کا 45 واں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے پاکستان اور امریکہ تزویراتی شراکت دار ہیں‘ دونوں ملکوں کے تعلقات آزادی‘ جمہوریت‘ باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں‘ امریکی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔

بدھ کو نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا انتخاب امریکی عوام کی کامیابی ہے۔ ٹرمپ کا انتخاب امریکی عوام کے جمہوریت اور انسانی حقوق پر یقین کا مظہر ہے۔ انتخاب میں کامیابی نو منتخب صدر کی قیادت پر امریکی عوام کے اعتماد کی عکاس ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات دھائیوں سے پاکستان اور امریکہ تزویراتی شراکت دار ہیں۔

دونوں ملکوں کے تعلقات آزادی‘ جمہوریت‘ باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی شراکت داری پائیدار امن کے فروغ کیلئے ناگزیر ہے۔ پاکستان اور امریکہ کی شراکت داری خطے میں سلامتی اور استحکام کیلئے ضروری ہے۔ امریکہ کے ساتھ گہرے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور امریکی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔