علامہ محمد اقبال کا یوم پیدائش‘شہباز شریف کی مزار اقبال پر حاضری‘ پھولوں کی چادر چڑھائی‘فاتحہ خوانی کی

اقبال کے فکر اور فلسفہ کی سچی تعبیر سے ہی پاکستان سیاسی معاشی، مذہبی اور معاشرتی لحاظ سے دنیا میں ممتاز مقام حاصل کرسکتا ہے‘ دھرنے والوں کا اللہ نے دھڑن تختہ کردیا، دھرنے دینے والے عوامی خدمت کریں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں‘وزیرا علی کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 9 نومبر 2016 15:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 نومبر2016ء) مصور پاکستان شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے 139 ویں یوم پیدائش کے موقع پر وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے مزار اقبال پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، مفکر پاکستان کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔بدھ کے روز مزرا قبال پر آمد کے موقعہ پر وزیر ایکسائز مجتبیٰ شجاع الرحمن، کمشنر عبداللہ سنبل اور ڈی سی او محمد عثمان بھی وزیراعلی پنجاب کے ہمراہ تھے۔

وزیراعلی پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کے تصور پاکستان کو سمجھنے کی جتنی اشد ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی اگر قوم کلام اقبال سے رہنمائی لیتی تو آج عظیم قوم بن چکی ہوتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بطور ایک آزاد جمہوری اور فلاحی ریاست کا قیام اقبال کے نظریات کا مرہون منت ہے اور وہ عدل وانصاف، جذبہ ایمانی، خودداری اور انسان دوستی کو مسلمانوں کی ترقی کا ضامن سمجھتے تھے اور اقبال کے فکر اور فلسفہ کی سچی تعبیر سے ہی پاکستان سیاسی معاشی، مذہبی اور معاشرتی لحاظ سے دنیا میں ممتاز مقام حاصل کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دھرنے والوں کا اللہ نے دھڑن تختہ کردیا، دھرنے دینے والے عوامی خدمت کریں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔