پاک فضائیہ نے ملکی دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا ہی, وطن کی خدمت کیلئے پاک فضائیہ کا جذبہ لائق تحسین ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف کی مصحف ایئربیس پر فضائیہ کے افسروں اورجوانوں سے گفتگو

وزیراعظم کی ایئرمین ، سٹاف، افسروں اورجوانوں کی صلاحیتوں کی تعریف، ’’ہائی مارک‘‘ مشقوں کی کامیابی پر مبارکباد

بدھ 9 نومبر 2016 15:05

سرگودہا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے وطن کی خدمت کیلئے پاک فضائیہ کے جذبے کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے ملکی دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں فضائیہ کے افسروں اورجوانوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔وہ پاک فضائیہ کی جنگی مشقوں’’ہائی مارک‘‘ کے مشاہدے کیلئے یہاں مصحف ایئربیس پہنچے تھے۔

وزیراعظم نے ایئرمین ، سٹاف، افسروں اورجوانوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ’’ہائی مارک‘‘ مشقوں کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ فضائی مشقیں جن اہداف کیلئے کی گئیں، وہ حاصل کرلئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ پر قوم کو فخر ہے، پاک فضائیہ نے ملکی دفاع کیلئے پاک فوج اور بحریہ کے ساتھ مل کر کام کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ پاک فضائیہ نے آپریشن’’ضرب عضب‘‘ میں بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔

اس آپریشن نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہین ہمارا فخر ہیں۔قبل ازیں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان اوردیگراعلیٰ حکام نے ایئر بیس آمد پروزیراعظم کا استقبال کیا۔ ہائی مارک مشقوں میں فضائیہ کی جنگی مہارتوں کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ پاک فضائیہ کے دستے نے وزیراعظم کو سلامی پیش کی اور وزیراعظم نے پریڈ کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر پاک فضائیہ کے طیاروں نے وزیراعظم کو سلامی بھی پیش کی۔ وزیراعظم کو پاک فضائیہ کی مشقوں ’’ہائی مارک‘‘ کے بارے میں بریفنگ بھی دی جائے گی۔یہ مشقیں ہر4 سال بعد ہوتی ہیں۔ پاک فضائیہ کی مشقوں’’ہائی مارک‘‘ میں ایف سولہ ، جے ایف 17تھنڈر، ایف سیون میراج طیارے حصہ لے رہے ہیں۔ مشقوں کا مقصد پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔ وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے افسروں اورجوانوں کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔مشقوں میں اہداف حاصل کرنے کیلئے افسروں اورجوانوں نے کلیدی کردار ادا کیا اورجن اہداف کیلئے یہ مشقیں کی گئیں وہ کامیابی سے حاصل ہوئے۔