نو منتخب نائب صدر مائیک پینس نے اسٹیج پر آکر ٹرمپ کی فتح کا اعلان کیا-امریکہ ہر کسی سے شفاف انداز میں پیش آئے گااور دشمنی کی بجائے اتفاق پر نظر رکھے گا۔ وقت ہے کہ تقسیم کے زخم بھریں ‘مل کر ایک ساتھ متحد ہو جائیں۔ انتخاب کا مرحلہ مکمل ہوا اور اب فوری طور پر امریکی عوام کے لیے کام کرنے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ہم ایسا کام کریں گے کہ جس سے امید ہے کہ آپ کو اپنے صدر پر فخر ہوگا۔ڈونلڈ ٹرمپ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 9 نومبر 2016 14:47

نو منتخب نائب صدر مائیک پینس نے اسٹیج پر آکر ٹرمپ کی فتح کا اعلان کیا-امریکہ ..

نیویارک(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 نومبر۔2016ء) ری پبلکن پارٹی کے نو منتخب نائب صدر مائیک پینس نے اسٹیج پر آکر ٹرمپ کی فتح کا اعلان کیا اورکہا کہ یہ ایک تاریخی لمحہ ہے۔امریکی عوام نے فیصلہ دے دیا اور انھوں نے اپنا نیا فاتح منتخب کر لیا۔ امریکہ کو اس کا نیا صدر مل گیا۔ میں بیان نہیں کر سکتا کہ یہ میرے اور میرے خاندان کے لیے کتنا فخر کا موقع ہے کہ مجھے ٹرمپ کے نائب کے طور پر کام کرنا ہے۔

ٹرمپ اپنے اہلیہ ملانیا اور بیٹے بیرن ٹرمپ کے ساتھ اسٹیج پرآئے اور خوشی کا اظہار کرنے والے اپنے حامیوں سے خطاب کیا۔انھوں نے اپنے انتخاب کو ایک تحریک سے تعبیر کرتے ہوئے کہا اسے مختلف پس منظر رکھنے والوں نے آگے بڑھایا۔انہوں نے کہا کہ ہر امریکی شہری یہ محسوس کرے گا کہ اسے اس کی تمام تر صلاحتیوں کو سامنے لانے کا بھرپور موقع ملا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے لاکھوں لوگوں کو روزگار کے مواقع دینے اور ملک کی تعمیر نو کا عزم ظاہر کیا۔

نومنتخب صدر نے بین الاقوامی برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتظامیہ میں امریکہ ہر کسی سے شفاف انداز میں پیش آئے گااور دشمنی کی بجائے اتفاق پر نظر رکھے گا۔انھوں نے کہا کہ مجھے ابھی سیکرٹری کلنٹن کی کال آئی۔ انھوں نے مجھے مبارکباد دی، اور میں نے انھیں اور ان کے خاندان کو ایک بہت ہی مشکل مہم کا حصہ رہنے پر مبارکباد دی۔اب امریکہ کے لیے وقت ہے کہ وہ تقسیم کے زخم بھرے یہ وقت ہے کہ ہم مل کر ایک ساتھ متحد ہو جائیں۔

نو منتخب صدر نے کہا کہ انتخاب کا مرحلہ مکمل ہوا اور اب فوری طور پر امریکی عوام کے لیے کام کرنے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ہم ایسا کام کریں گے کہ جس سے امید ہے کہ آپ کو اپنے صدر پر فخر ہوگا۔ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے، یہ ایک زبردست شام ہے اور یہ دو سال کا عرصہ بھی زبردست رہا۔ مجھے اس ملک سے محبت ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ان کے پاس ایک زبردست اقتصادی منصوبہ ہے جس سے ترقی کو دگنا کر کے امریکہ کو دنیا کی طاقتور ترین اقتصادی قوت بنائیں گے۔

ٹرمپ نے تسلیم کیا کہ ہیلری کلنٹن نے بڑا سخت مقابلہ کیا اور میں امریکہ کے لیے ان کی کوششوں کی قدر کرتا ہوں۔انھوں نے کہا کہ میں نے شروع ہی سے کہا تھا کہ یہ صرف ایک انتخابی مہم نہیں بلکہ تحریک تھی جس میں لاکھوں لوگوں نے حصہ لیا جو چاہتے تھے کہ حکومت لوگوں کی خدمت کرے گی۔انھوں نے کہا کہ 'ہم مل کر کام کریں گے اور امریکہ کو عظیم بنائیں گے۔

میں نے زندگی بھر بزنس میں کام کیا ہے اور میں نے امریکہ میں زبردست پوٹینشل دیکھا ہے۔ ہر امریکی توجہ کا مرکز ہو گا۔ہم نے اپنے اندرونِ شہروں اور شاہراہوں، ہسپتالوں اور انفراسٹرکچر میں بہتری لائیں گے اور لاکھوں لوگوں کو روزگار کا موقع فراہم کریں گے۔انھوں نے اس موقعے پر انتخابی مہم کے دوران دوسرے ملکوں کے بارے میں اپنے رائے میں اعتدال لاتے ہوئے کہا کہ ہم سب ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات رکھیں گے جو ہم سے اچھے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم سب ملکوں کے ساتھ شراکت کریں گے نہ کہ مقابلہ بازی۔ٹرمپ نے اس موقعے اپنے والدین، بہن بھائیوں اور بچوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے رپبلکن پارٹی کے اہم ارکان کا بھی شکریہ ادا کیا جو اس مہم میں ان کے ساتھ تھے۔1963ء کے بعد یہ پہلا موقع ہو گا کہ وائٹ ہاو¿س میں صدر کا کوئی نوعمر لڑکا رہائش اختیار کر سکے گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ ملانیا کے بیٹے بیرن ٹرمپ اپنے والدین کے ساتھ وائٹ ہاو¿س میں مقیم ہونے جا رہے ہیں۔

اس سے قبل جان کینیڈی جونیئر وہ آخری کم سن لڑکے تھے جو وائٹ ہاو¿س میں رہے اور اپنے والد صدرجان ایف کینیڈی کے قتل ہونے کے بعد اپنی والدہ اور بہنوں کے ہمراہ انھیں یہ صدارتی رہائش گاہ چھوڑنا پڑی۔دس سالہ بیرن کے دو بڑے بھائی اور بہنیں ہیں جو کہ ٹرمپ کی پہلی دو شادیوں میں سے ہیں۔

متعلقہ عنوان :