اسلامی اصولوں کی پاسداری اور خوش اخلاقی نفسیاتی دبائو اور ٹینشن سے بچائو کا بہترین علاج ہے‘ڈاکٹر شمس الدین احمد خان

بدھ 9 نومبر 2016 14:57

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2016ء) اسلامی اصولوں کی پاسداری اور خوش اخلاقی نفسیاتی دبائو اور ٹینشن سے بچائو کا بہترین علاج ہے۔ جو اقوام دیگر مسائل کے ساتھ نفسیاتی مسائل پر توجہ دیتی ہیں وہ یقینی طور پر صحت مند اقوام کہلاتی ہیں۔ ہمارے نوجوانوں میں ذہنی مسائل کا بڑھنا ایک المیہ ہے جن سے نجات پانے کے لئے ایک خاص حکمت عملی کی ضرورت ہے ۔

ان خیالات کا اظہار معروف سائیکاٹرسٹ ڈاکٹر شمس الدین احمد خان نے یوم اقبال اور عالمی ہفتہ ذہنی صحت کے حوالے سے الشمس ہسپتال سرگودہا میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ذہنی امراض کا شکار مریضوں میں ان کی طرف سے کھانا بھی تقسیم کیا گیا۔ڈاکٹر شمس الدین احمد خان نے کہا کہ نفسیاتی بیماریاں جسمانی بیماریوں کی طرح قابل علاج ہیں۔

(جاری ہے)

نفسیاتی بیماریوں کا اگر بروقت علاج نہ کیا جائے تو یہ مریضوں اور ان کے لواحقین پر برا اثر ڈالتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نفسیاتی بیماریاںدیگر جسمانی بیماریوںکی طرح نظر نہ آنے والی وجہ رکھتی ہیں۔ اس لئے پرنے وقتوں میں لوگ یہ خیال کرتے تھے کہ یہ جن اور بھوت کاسایہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میںہیروئن کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے وقت کی ضرورت ہے کہ اس کو کنٹرول کیا جائے۔

ہیروئن فروشی کی روک تھام کیلئے ضروری ہے کہ حکومت وقت اس حوالے سے سخت قوانین نہ صرف بنائے بلکہ ان قوانین پر سختی سے عمل کرایا جائے تاکہ نسل نو کو اس لعنت سے بچا کر ملک کا مستقبل محفوظ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر پانچ میں سے ایک شخص ڈپریشن کا مریض ہے ۔خطرہ ہے کہ 2024تک ڈپریشن کی وجہ سے معذوری کے مسائل پہلے نمبر پر پہنچ جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :