تجاوزات ،رانگ پارکنگ کے خلاف ناقص حکمت عملی ،انسپکٹر سمیت 4معطل ،اچھی ڈیوٹی پر 2وارڈنز کو نقد انعامات

،وارڈنز شہریوں کی خدمت کرتے ہوئے نظر آئیں‘ سی ٹی او طیب حفیظ چیمہ دورہ کے دوران ٹریفک کی بہتری کے احکامات جاری کرتے رہے

بدھ 9 نومبر 2016 14:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2016ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے ٹریفک کے بہائو کی بہتری اورانتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مال روڈ ،جیل روڈ ،فیروز پور روڈ،گڑھی شاہو ،مزنگ اور انارکلی کا وزٹ کیا۔انہوں نے ناقص کارکردگی پر انچارج گڑھی شاہوکو معطل اور انچارج میکلوڈ روڈ کو 3ہزار روپے جرمانہ ،تجاوزات ،رانگ پارکنگ کے خلاف ٹھوس اقدامات نہ کرنے پرپٹرولنگ آفیسر سمیت 3ٹریفک وارڈنز کو معطل کر دیاجبکہ دوران ڈیوٹی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر نقد انعامات دینے کے احکامات جاری کردیئے ۔

انہوں نے تمام ڈی ایس پیزاورسیکٹرز انچارجز کو سختی سے ہدایت کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں رانگ پارکنگ اور تجاوزات کیخلاف ٹھوس کارروائی پر خصوصی توجہ رکھیں تاکہ شہریوں کو ٹریفک کی روانی میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔

(جاری ہے)

چیف ٹریفک آفیسر نے وزٹ کے دوران ناقص کارکردگی پر سیکٹر انچارج گڑھی شاہوانسپکٹر ریاست کو معطل،انسپکٹر میکلوڈ روڈ کو 3ہزار روپے جرمانہ ،رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف مناسب اقدامات نہ کرنے پر پٹرولنگ آفیسر گڑھی شاہو مدثر سمیت جی پی او چوک میں تعینات ٹریفک وارڈنز نوید اور عامر کو معطل کردیا جبکہ اچھی ڈیوٹی کرنے پر سیکٹر مزنگ کے ٹریفک وارڈن فیصل اور سیکٹر کوٹ لکھپت کے ٹریفک وارڈن عمران کوایک ایک ہزار روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وارڈنز ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر کریں اور دوران ڈیوٹی نرمی سے پیش آتے ہوئے شہریوں کی مدد،راہنمائی کو معمول بنائیں۔طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ رانگ پارکنگ اور تجاوزات کیخلاف ٹھوس اقدامات نہ کرنے والے افسران اور وارڈنز کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :