عشرت العباد کی جگہ جسٹس (ر) سعید الزماں کو گورنرسندھ بنانے کا فیصلہ

گورنرسندھ کی تبدیلی کا فیصلہ وزیراعظم کی صدرمملکت سے ملاقات میں کیا گیا، گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد سے استعفیٰ طلب کیا جائے گا جسے رسمی طورپرمنظورکرکے جسٹس(ر) سعید الزماں صدیقی عہدے کا حلف اٹھا ئیں گے

بدھ 9 نومبر 2016 14:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 نومبر2016ء) وفاقی حکومت نے موجودہ گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان کو ہٹا کران کی جگہ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کو ذمہ داریاں سونپنے کا فیصلہ کرلیا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان کو ہٹانے اوران کی جگہ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کو نیا گورنربنانے کا فیصلہ کیا ہے، گورنرسندھ کی تبدیلی کا فیصلہ وزیراعظم نوازشریف کی صدرمملکت ممنون حسین سے ملاقات میں کیا گیا، گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد سے استعفیٰ طلب کیا جائے گا جسے رسمی طورپرمنظورکرکے فوری طور پرجسٹس(ر) سعید الزماں صدیقی اپنے عہدے کا حلف اٹھالیں گے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں سعیدالزماں صدیقی نے کہا کہ کوشش ہوگی صوبے میں امن وامن قائم کروں، اللہ کامیابی دے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم رہنماؤں نے ایک دوسرے پرالزامات لگائے، میراخیال ہے اسی وجہ عشرت العباد کو ہٹایا گیا۔ جسٹس (ر)سعید الزماں صدیقی چیف جسٹس رہ چکے ہیں۔ سعید الزماں صدیقی 2008 میں سابق صدر آصف علی زرداری کے مقابلے میں مسلم لیگ ن کے صدارتی امیدوار تھے۔

جسٹس (ر) سعید الزماں 1980 میں رکن الیکشن کمیشن آف پاکستان سمیت دیگر اہم عہدوں پر رہ چکے ہیں۔انہوں نے پرویز مشرف کے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کیا تھا۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر عشرت العبادخان 27 دسمبر 2002 سے گورنرسندھ کے عہدے پر فائز ہیں جو ملک میں کسی بھی گورنر کی سب سے طویل مدت ہے۔ 2002 کے انتخابات کے بعد اس وقت کے صدرپرویز مشرف نے عشرت العباد خان کو گورنرمقررکیا تھا، اس وقت سے وہ اس عہدے پرکام کررہے تھے۔ 2013 میں کراچی میں شروع کئے گئے آپریشن کے بعد ایم کیو ایم نے ان سے لاتعلقی کااظہارکیا تھا جب کہ گزشتہ ماہ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے بھی انہیں دہری شہریت کا حامل ہونے کا الزام لگایا تھا۔ اس کے علاوہ ان پر کرپشن کے بھی الزام عائد کئے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :