وزیراعظم کی مصحف ایئربیس آمد پر پرتپاک استقبال،گارڈ آف آنر پیش کیا گیا

پاک فضائیہ نے ملکی دفاع کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ، پاک فضائیہ پر قوم کو فخر ہے، پاک فضائیہ نے ملکی دفاع کیلئے پاک فوج اور بحریہ کے ساتھ مل کر کام کیا، پاک فضائیہ نے آپریشن ضرب عضب میں اہم کردار ادا کیا ، دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، پاک فضائیہ کے شاہین ہمارا فخر ہیں،وزیراعظم محمد نواز شریف کی جوانوں سے گفتگو

بدھ 9 نومبر 2016 14:53

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 نومبر2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کی مصحف ایئربیس آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان نے استقبال کیا‘ وزیراعظم کو چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بدھ کو وزیراعظم محمد نواز شریف سرگودھا میں پاک فضائیہ کے مصحف ائیر بیس پہنچے تو ایئرچیف مارشل سہیل امان ودیگراعلی حکام نے ان کا استقبال کیا۔

وزیر اعظم نے پاک فضائیہ کی جنگی مشقوں ہائی مارک کا معائنہ کیا ۔ ہائی مارک مشقوں میں فضائیہ کی جنگی مہارتوں کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔پاک فضائیہ کے دستے نے وزیر اعظم کو سلامی پیش کی ۔محمد نواز شریف پریڈ کا معائنہ کیا ۔ پاک فضائیہ کے طیاروں نے وزیراعظم محمد نوازشریف کو سلامی پیش کی ۔ وزیراعظم کو پاک فضائیہ کی مشقوں ہائی مارک پربریفنگ بھی دی گئی ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نوازشریف نے ہائی مارک مشقوں کا معائنہ کیا ۔ پاک فضائیہ کی ہائی مارک مشقیں ہر چار سال میں ہوتی ہیں۔پاک فضائیہ کی مشقوں ہائی مارک میں ایف سولہ، جے ایف سیونٹین تھنڈر، ایف سیون، میراج طیاروں نے حصہ لیا۔ وزیر اعظم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینیٹر میں مشقوں کا براہ راست معائنہ کیا ۔ مشقوں کا مقصد پاک فضائیہ کی پیشہ روانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔

وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے جوانوں کے ساتھ گروپ فوٹو بنوائے۔ اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف نے پاک فضائیہ کے جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے ملکی دفاع کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے جوانوں اور افسروں کی صلاحیتوں کو سراہا اور وطن کی خدمت کیلئے پاک فضائیہ کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔ فضائی مشقیں جن اہداف کیلئے کی گئیں وہ حاصل ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ پر قوم کو فخر ہے۔ پاک فضائیہ نے ملکی دفاع کیلئے پاک فوج اور بحریہ کے ساتھ مل کر کام کیا۔ پاک فضائیہ نے آپریشن ضرب عضب میں اہم کردار ادا کیا ہے اور دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ پاک فضائیہ کے شاہین ہمارا فخر ہیں۔ اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور دوسرے اعلیٰ حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔