پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کے لیے ترقی وخوشحالی کا ضامن ہے،جماعت اسلامی

بدھ 9 نومبر 2016 14:24

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2016ء) جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ نے کہاہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کے لیے ترقی وخوشحالی کا ضامن ہے۔وفاقی حکومت صوبوں کے تحفظات دور کرے اور اس عظیم منصوبے کو جلد مکمل کرے۔پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خالصتاًپاکستان کی فلاح وبہبود اور ترقی کا منصوبہ ہے اس کو کسی بھی صورت کالاباغ ڈیم کی طرح متنازعہ نہیں بننا چاہئے۔

وقت کا تقاضا ہے کہ حکمران بڑے ظرف کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ صوبو ں کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں ہوناچاہئے۔چھوٹے صوبوں میں بسنے والے عوام اتنے ہی حق دار ہیں جتنے پنجاب میں بسنے والے عوام ہیں۔ترقی وخوشحالی کا رخ محض چندشہروں اور علاقوں کی طرف موڑنا ناانصافی ہوگی۔

(جاری ہے)

اہم ایشو پر وزراء کے بیانات جلتی پر تیل چھڑکنے کے مترادف ہیں وزیر اعظم اس کانوٹس لیں۔

انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبے پر سیاست چمکانا ملک وقوم کے مفاد میں نہیں۔قومی مفاد کے منصوبوں پر یکجہتی کامظاہرہ کیاجانا چاہئے۔آپس کی چپقلش سے سی پیک مخالف قوتوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ دانشمندانہ اقدامات کیے جائیں۔ اقتصادی راہداری منصوبہ پاک چین دوستی کامظہر ہے۔اس کی تکمیل سے دونوں ممالک کے مراسم مزید مضبوط ہوں گے اور جنوبی ایشیا کے خطے میں بسنے والے کروڑوں افرد کو فائدے حاصل ہوں گے۔

ان کی زندگیوں میں خوشحالی آئے گی۔سی پیک منصوبے کوکسی بھی صورت متنازعہ نہ بنایاجائے۔وفاق حکومت خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام سے کیے گئے تمام وعدوں کو پوراکرے۔چین پاکستان کاتیسرابڑاتجارتی پارٹنرہے۔سی پیک منصوبے کی تکمیل سے 51ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع ہے جس سے پاکستان کی بر آمدات میں اضافہ اور صنعتی واقتصادی نشوونمامیں مددملے گی۔

متعلقہ عنوان :