پاکستانی تجزیہ کاروں ،انتخابی ماہرین اور نجومیوں کے دعوے اور پیشن گوئیاں غلط

متنازعہ شخصیت ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صدر کا تاج اپنے سر سجا لیا،ہیلری کلنٹن کو شکست

بدھ 9 نومبر 2016 14:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2016ء) پاکستانی تجزیہ کاروں ،دانشوروں،انتخابی ماہرین اور نجومیوں کے ہیلری کلنٹن کی جیت کے دعوے اور پیشن گوئیاں غلط ثابت ہو گئیں ، متنازعہ شخصیت ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صدر کا تاج اپنے سر سجا لیا۔پاکستانی سرکاری ٹی وی سمیت تمام نجی چینلز پرامریکی صدارتی انتخابات کے بارے میں تبصروں ،تجزیوں اور ماہرانہ پیش گوئیوں کا زور شور رہا اور پاکستان میں تو امریکی انتخابات کے بارے میں بہت زیادہ جوش وخروش پاگیا ۔

ٹی وی چینلز سے لے کر گلی محلوں تک جسے دیکھیں امریکی الیکشن کی باتیں کرتا دکھائی دیا۔ ووٹنگ کے آغاز سے قبل ہی کچھ چینلز نے خصوصی نشریات کا سلسلہ شروع کردیا تھا۔ عالمی امور کے ماہر تجزیہ نگاروں اورخصوصی سیٹس نے امریکی الیکشن کی ٹرانسمیشن میں یوں سمجھیں چارچاند لگا دئیے۔

(جاری ہے)

وائٹ ہاوس تک رسائی کی دوڑ میں شریک ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہلری کلنٹن اور ان کے حریف ری پبلکن پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ کو اب پاکستان کا بچہ بچہ پہچانتا ہے۔

ہلری کلنٹن پاکستان میں بہت مقبول ہیں اورپاکستانیوں کی اکثریت انہیں امریکہ کا آئندہ صدر دیکھنا چاہتی تھی۔خواتین خصوصا ہلری کے لباس،ان کی جیولری اور پروقار شخصیت سے بہت متاثر ہیں۔دوسری جانب پاکستان میں ڈونلڈ ٹرمپ کو، اپنے مسلم مخالف بیانات کی وجہ سے غیرمقبول امریکی لیڈر سمجھا جاتا ہے۔ایک مقابلہ تو امریکہ کے صدارتی امیدواروں کے درمیان رہا تو دوسرا مقابلہ پاکستانی میڈیا میں بھی جاری رہا۔

ہرچینل امریکی انتخاب سے وابستہ خبر سب سے پہلے ناظرین تک پہنچانے کے لئے ہرممکن جتن کرتا رہا۔بعض نجی چینلز نے تو اپنے کئی کئی نمائندے پاکستان سے خصوصی طور پر انتخابی سرگرمیوں کی کوریج کے لئے امریکہ بھیجے ۔پاکستان میں چار بجے تو امریکہ کی مشرقی ریاستوں میں ووٹنگ کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ ہلری کلنٹن نے نیویارک کے قریب اپنے حلقے میں ووٹ ڈالا تو پاکستان کے تمام چینلز نے انہیں ووٹ ڈالتے ہوئے براہ راست دکھایا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے جیسے ہی ہیلری پر برتری حاصل کی تو میڈیا بدھ کی صبح سے ہی ووٹنگ کو کوریج دے رہا تھا۔امریکی انتخابات میں پاکستانی عوام کی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ بہت سے پاکستانیوں نے نتائج جاننے کے لئے رات بھرجاگ کر ٹی وی کے سامنے گزارنے کا پروگرام بھی بنالیا جبکہ بدھ کو پاکستان میں چھٹی نہیں بلکہ ورکنگ ڈے تھا ۔الیکٹرونک میڈیا کے ساتھ ساتھ پرنٹ میڈیا میں بھی امریکی انتخابات خاص موضوع ہیں۔ انتخابات سے متعلق روزمرہ کی خبروں کے ساتھ ساتھ اردو اورانگلش کے بلاگرز بھی امریکی انتخابات کو اپنے اپنے انداز سے دیکھ کر ان پر تبصرہ کر رہے ہیں۔ تمام اخبارات نے انتخابات کے حوالے سے بدھ کی اشاعت میں خصوصی صفحات جاری کئے۔

متعلقہ عنوان :