ڈیری سیکٹر میں سرمایہ کاری کے فروغ کےلئے یو ایس ایڈ اور یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز کے اشتراک سے ہولسیٹن فریزن نسل کے بچھڑوں کے مابین مقابلہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 9 نومبر 2016 14:00

ڈیری سیکٹر میں سرمایہ کاری کے فروغ کےلئے یو ایس ایڈ اور یونیورسٹی آف ..

پتوکی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 نومبر۔2016ء) یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز کے راوی کیمپس پتوکی میں ہولسیٹن فریزن بچھڑوں کے مابین مقابلہ حسن منعقد کیا گیا ۔ اس مقابلہ کا اہتمام یو ایس ایڈ کے پنجاب اِنیبلنگ اِنوائرمنٹ پراجیکٹ اور یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز لاہور کے اشتراک سے راوی کیمپس پتوکی میں کیا گیا ۔

اس موقع پر امریکہ سے درآمد شدہ جانوروں کی روایتی انداز میں نمائش کی گئی ۔ امریکی قونصل جنرل یوری فیڈ کیو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب سے دودھ کی بہتر پیداوار دینے والے مویشیوں کی نسل میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا ۔ اس فارم پر درآمد کی گئی یہ 73 ہولسیٹن گائیں روزانہ 37 لیٹر تک دودھ دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں ۔

(جاری ہے)

یہ پیداواری صلاحیت مویشی پال کسانوںکی معاشی خوشحالی کا باعث بنے گی ۔

اس تقریب میںہولسیٹن فریزن جانوروں کی مقامی ماحول سے مطابقت اور دودھ دینے کی بہتر صلاحیت کے بارے میں معلومات بھی فراہم کی گئیں ۔ اس رنگا رنگ تقریب میں بچھڑوں کا مقابلہ حسن ، ثقافتی شو اور بچھڑوں کی سجاوٹ بھی شامل تھی ۔ یو ایس ایڈ PEEP کے تعاون سے قائم کئے گئے سینٹر فار اپلائیڈپالیسی ریسرچ ان لائیو سٹاک (CAPRIL)نے ملکی سطح پر پہلی بار ہولیسٹن فریزن نسل کی گائیوں کی مقامی ماحول کے مطابق ڈھلنے اور ان کی کارکردگی پر ایک سائنسی تحقیق شروع کی ہے ۔

یہ تحقیق نہ صرف حکومت پنجاب کےلئے ڈیری سیکٹر کو فروغ دینے میں مدد دے گی بلکہ کسانوں کو بھی کاروبار بہتر بنانے اور نئی سرمایہ کاری کےلئے فیصلہ کرنے میں معاون ثابت ہوگی ۔ اس موقع پر وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ CAPRIL کی تحقیق یونیورسٹی ، مویشی پال افراد اور اس شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد کے درمیان تعاون کی ایک واضح مثال ہے ۔

اس دلچسپ تقریب میں یو ایس ا یڈ کی صوبائی ڈائریکٹر ایلیسن میک فارلینڈ ، ایگریکلچر سپیشلسٹ اسد خان ، چیف آف پارٹی یو ایس ایڈ PEEP محمد جنید، ایڈیشنل سیکرٹری لائیو سٹاک عاشق حسین ڈوگر اور مویشی پال کسان شامل تھے ۔ تقریب کے شرکاءاور مہمانان خصوصی نے مقابلہ میں شامل گائیوں اور بچھڑوں کو بھر پور داد دی اور ان میں انعامات تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :