Live Updates

حکمرانوں نے کرپشن کے ناسور کی پرورش کر کے اسے اژدھا بنا دیا ہے ‘ مسرت چیمہ

صرف اپوزیشن ہی نہیں اب (ن) لیگ کے اپنے لوگ بھی حکمران خاندان کو تلاشی دینے کا کہہ رہے ہیں‘ رہنما پی ٹی آئی

بدھ 9 نومبر 2016 13:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ کئی دہائیوں سے اقتدار پر قابض حکمران کرپشن کے ناسور کی پرورش کر رہے ہیں اور آج یہ اژدھا کی صورت اختیار کر گیا ،حکمران خاندان پانامہ لیکس کے معاملے میں عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتاانہیں ہر صورت کٹہرے میں آنا ہوگا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے میں جس طرح مزاحمت کی جارہی ہے اس سے صاف ظاہر ہے کہ ملک و قوم کے خون پسینے کی کمائی پرڈاکہ ڈالا گیا ہے ۔ صرف اپوزیشن ہی نہیں بلکہ اب تو (ن) لیگ کے اپنے لوگ بھی دبے لفظوں میں کہہ رہے ہیں کہ اگر چوری نہیں کی گئی تو پھر تلاشی دینے میں کیاحرج ہے۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ عمران خان کرپشن سے پاک پاکستان کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اور اس میں کامیابی قوم کا مقدر ہے ۔

(جاری ہے)

وہ دن دور نہیں جب ایک خاص طبقے کی بجائے آسودگی پسے ہوئے طبقات کے گھر پر بھی دستک دے گی ۔ انہوںنے کہا کہ کرپشن کاناسور ملک و قوم کی خوشحالی کی راہ میں سپیڈ بریکر ہے اور کئی دہائیوں سے اقتدار پر قابض حکمران اس کی پرورش میں لگے ہوئے ہیں ۔پوری قوم اس ناسور کا سر کچلنے کا عزم کر چکی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب اس کے بانی انصاف کے کٹہرے میں ہوں گے اور ان سے ملک و قوم کی لوٹی ہوئی پائی پائی وصول کی جائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات