جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کو ڈاکٹر عشرت العباد کی جگہ گورنر سندھ مقرر کردیا گیا

فیصلہ وفاقی حکومت کی جانب سے کیا گیا ،ْ باقاعدہ اعلان جلد متوقع …… گور نر آفس کا تبصرہ سے انکار کراچی کو درپیش مسائل میں سب سے اہم امن وامان کا مسئلہ ہے ،ْ سب سے پہلے حل کر نا پڑے گا ،ْ سعید الزمان صدیقی

بدھ 9 نومبر 2016 13:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2016ء) جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کو ڈاکٹر عشرت العباد کی جگہ گورنر سندھ مقرر کردیا گیا۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ فیصلہ وفاقی حکومت کی جانب سے کیا گیا، تاہم اس کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا۔دوسری جانب گورنر آفس نے اس حوالے سے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق جسٹس سعید الزماں صدیقی نے گورنر سندھ کا عہدہ ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو درپیش مسائل میں سب سے اہم امن و امان کا مسئلہ ہے، جسے سب سے پہلے حل کرنا پڑے گا، جس کے بعد سیاسی مسائل کی جانب رخ کرنا پڑے گا۔

گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنی ترجیحات کے حوالے سے جسٹس سعید الزماں نے بتایا کہ ان کی سب سے پہلی ترجیح امن و امان کا قیام ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ حکومت کے ذمہ اہم کام امن و امان کا قیام ہے، جس کی ذمہ داری صوبائی حکومت اور گورنر پر آتی ہے، اگر کراچی میں امن ہوگا تو یہاں کاروباری سرگرمیاں پھلے پھولیں گی۔گورنر سندھ کو ہٹانے جانے کے حوالے سے سوال کے جواب میں جسٹس سعید الزماں نے کہاکہ میرے اپنے ذاتی خیال میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کا تنازع ہی وہ سب سے بڑی وجہ ہے جس کے باعث عشرت العباد کو ہٹایا گا۔

انھوں نے کہا کہ میں اپنی پوری کوشش کروں گا اور لوگوں کو ساتھ لے کر چلوں گا، کامیابی دینا اللہ کے اختیار میں ہے یاد رہے کہ جسٹس (ر)سعید الزماں صدیقی سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رہ چکے ہیں ،ْسعید الزماں صدیقی 2008 میں سابق صدر آصف علی زرداری کے مقابلے میں مسلم لیگ (ن )کے صدارتی امیدوار تھے۔جسٹس (ر) سعید الزماں 1980 میں رکن الیکشن کمیشن آف پاکستان سمیت دیگر اہم عہدوں پر رہ چکے ہیں۔

انہوں نے پرویز مشرف کے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کیا تھا۔واضح رہے کہ ڈاکٹر عشرت العبادخان 27 دسمبر 2002 سے گورنرسندھ کے عہدے پر فائز ہیں ،ْجو ملک میں کسی بھی گورنر کی سب سے طویل مدت ہے۔ دوسری جانب سب سے طویل عرصہ تک گورنر شپ کا اعزاز رکھنے والے ڈاکٹر عشرت العباد خان 27 دسمبر 2002 سے اب تک گورنر سندھ کے عہدے پر فائض ہیں۔سابق فوجی حکمراں پرویز مشرف نے ڈاکٹر عشرت العباد کو صوبہ سندھ کے گورنر کے طور پرنامزد کیا تھا۔

2 مارچ 1963 کو کراچی میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر عشرت العباد خان نے پاکستان کے کم عمر ترین عمر گورنر کا اعزاز حاصل کیا۔عشرت العباد نے ساڑھے 5 سال سابق صدر پرویز مشرف کے دور حکومت میں اور ساڑھے چار سال سابق صدر آصف علی زرداری کے دور حکومت میں گزارے۔یاد رہے کہ 1992 میں نواز شریف کی حکومت کے دوران کراچی میں ہونے والے آپریشن کے بعد وہ برطانیہ چلے گئے تھے اور طویل عرصے تک برطانیہ میں خود ساختہ جلا وطنی اختیار رکھی تھی۔

گذشتہ دنوں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے الگ ہوکر پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) بنانے والے مصطفی کمال نے عشرت العباد کو صوبے میں تمام خرابیوں کی جڑ قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستان سے ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے اور انہیں فی الفور گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔