ہمیں مل کر ترقی کرنا ہو گی ، تمام امریکیوں کا صدر بنوں‌ گا۔ نومنتخب امریکی صدر کا خطاب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 9 نومبر 2016 13:10

ہمیں مل کر ترقی کرنا ہو گی ، تمام امریکیوں کا صدر بنوں‌ گا۔ نومنتخب ..

نیویارک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔09 نومبر 2016ء): امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ہیلری کلنٹن کو شکست دے دی۔ نو منتخب امریکی صدر نے الیکشن ہیڈ کوارٹر پہنچ کر اپنے حامیوں کا شکریہ ادا کیا۔ صدر منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرے کامیاب ہونے پر ہیلری کلنٹن نے مجھ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ہم سب کو ہماری جیت پر مبارکباد دی ۔

انہوں نے کہا کہ میں ہمارے ملک کے لیے ہیلری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیلی فونک رابطے میں میں نے بھی ہیلری کو زبردست انتخابی مہم چلانے پر مبارکباد پیش کی ۔ ہیلری کلنٹن نے امریکہ کے لیے بہت کام کیا ہے ، میری جیت کی مبارکباد دینے پر ان کا شکر گزار ہوں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ میں سب کو ساتھ لیکر چلوں گا۔ مجھے ووٹ نہ دینے والوں کی رہنمائی بھی اہمیت کی حامل ہو گی ، ہم سب ملکر ترقی کے لیے کام کریں گے ، عوام کی حمایت اور رائے کے ساتھ ہی ملک کی ترقی کے لیے کام کیا جائے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میری پوری زندگی کاروبار میں گزری ، ہم ملکی معیشت کو بھی مستحکم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اسکول اسپتال اور سڑکیں بنائیں گے ، ریٹائرڈ فوجیوں کا خصوصی خیال رکھا جائے گا ، ہم امریکن ڈریم کو دوبارہ بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ تمام امریکیوں کا صدر ہوں گا ، سب سے کہوں گا ملک کے لیے متحد ہو جائی، ہم اپنی عظیم روایات کی بھی حفاظت کریں گے ۔

بلا رنگ و نسل اور مذہب کے امتیاز کے امریکیوں کی خدمت کروں گا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کوئی خواب ، کوئی چیلنج اتنی بڑا نہیں ہوتا سب کچھ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ملکی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔ نو منتخب صدر نے کہا کہ دنیا کے تمام ممالک سے اچھے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں، دنیا کو بتانا چاہتا ہوں کہ امریکہ کا مفاد پہلی ترجیح ہو گی۔ جو قومیں ساتھ چلنا چاہیں گی ان کے ساتھ چلیں گے۔

ملکی معیشت کو مزید مستحکم کیا جائے گا ، معیشت کو بہتر کر کے جی ڈی پی بڑھائیں گے۔ترقی کے لیے معاشی پیدوار کو دو گنا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدارتی انتخابات کے لیے چلائی گئی مہم مشکل تھی۔ اپنے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے والدین ، دوستوں اور اہلیہ سمیت اپنے بچوں کا بھی شکریہ ادا کیا ، ان کا کہنا تھا کہ میں ان سب لوگوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میرا ساتھ دیا۔