امریکی صدارتی انتخاب کے نتائج ڈونلڈ ٹرمپ کی برتری سے سرمایہ کاروں کی طرف سے پریشانی کا اظہار - ایشیائی بازار حصص میں مندی ۔امریکی ڈالر اور تیل کی قیمتوں میں بھی گراوٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 9 نومبر 2016 12:53

امریکی صدارتی انتخاب کے نتائج ڈونلڈ ٹرمپ کی برتری سے سرمایہ کاروں کی ..

ٹوکیو(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 نومبر۔2016ء) امریکی صدارتی انتخاب کے اب تک سامنے آنے والے نتائج میں ڈونلڈ ٹرمپ کی برتری سے سرمایہ کاروں کی طرف سے پریشانی کا اظہار اس طرح دیکھنے میں آ رہا ہے کہ ایشیائی بازار حصص میں بدھ کو کاروبار کا آغاز مندی سے ہوا۔امریکی ڈالر اور تیل کی قیمتوں میں بھی گراوٹ دیکھی جا رہی ہے جب کہ سرمایہ کار اپنا پیسہ سونے کی خرید و فروخت میں منتقل کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

تاہم ڈالر کے مقابلے میں جاپانی ین کی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔جاپان کے بازار حصص "نکئی" میں ایک موقع پر 5.8 فیصد تنزلی آئی جب کہ ہانگ کانگ کا ہان سنگ 3.8 فیصد نیچے آیا۔آسٹریلیا کے بازار حصص اے ایس ایکس میں 1.8 فیصد تنزلی دیکھی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انتخابات سے قبل رائے عامہ کے جائزوں میں ڈیموکریٹ ہلری کلنٹن کو واضح برتری دکھائی جاتی رہی ہے۔

ریپبلکن ڈونلڈ ٹرمپ اپنی مہم کے دوران یہ عزم ظاہر کرتے رہے ہیں کہ وہ امریکی تجارت، ٹیکس اور دیگر پالیسیوں میں قابل ذکر تبدیلی کریں گے جس سے سرمایہ کاروں مختلف خدشات کا شکار رہے ہیں۔مبصرین کا خیال ہے کہ غیر یقینی کی صورتحال اقتصادیات کو سست کر سکتی ہے کیونکہ پریشانی کے شکار کاروبار کسی ممکنہ خطرے سے بچنے کے لیے سرمایہ کاری میں تاخیر کر سکتے ہیں۔

کرنسی کی قیمتوں میں بھی اتار چڑھاو دیکھا جا رہا ہے۔ میکسیکو کے پیسو کی قیمت میں کمی آئی ہے تو جاپان کی کرنسی ین کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔حصص بازار کے تاجروں نے ہلیری کی جیت کی توقع کی تھی ایسے میں اگر مقابلہ سخت بھی ہو تو بازار گراوٹ کا شکار ہو سکتا ہے۔ ہانگ کانگ کا بازار ہان سینگ 1.9 فیصد نیچے چلا گیا ہے اور شنگھائی کمپوزٹ 0.7 فیصد نیچے ہے۔

آسٹریلیا کے بازار اے ایس ایکس 200 میں 1.8 فیصد کی گراوٹ آئی ہے جبکہ جنوبی کوریا کے بازار کوپسی میں 1.6 فی صد کی کمی دیکھی جا رہی ہے۔اس سے قبل وال سٹریٹ اور یورپی بازار اونچی قیمتوں پر بند ہوئے تھے۔میکسیکو کی کرنسی میں ڈالر کے مقابلے میں آنے والے اتار چڑھاو کو بعض ماہرین امریکی انتخابی نتائج کے اشاریے کے طور پر دیکھ رہے ہیں کیونکہ اگر مسٹر ٹرمپ کی جیت ہوتی ہے تو میکسیکو کو نقصان ہو سکتا ہے کیونکہ انھوں نے امریکہ اور میکسیکو کی سرحد پر ایک دیوار تعمیر کرنے اور تجارتی معاہدے کی بات کہی ہے۔

دوسری جانب جاپان کے پیسے میں مضبوطی کا مطلب یہ ہے کہ صارفین نے اس بین الاقوامی ہلچل کے دوران ین پر بھروسہ کیا ہے اور وہ ہلیری کی کامیابی کے امکان کو کم ہوتا دیکھ رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :