وزیراعظم محمدنواز شریف کی صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات‘ملک کی مجموعی صورتحال اور اہم قومی امور پر با ت چیت

بدھ 9 نومبر 2016 13:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2016ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے صدر مملکت ممنون حسین سے ایواِن صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی صورت حال اور اہم قومی امور پر با ت چیت کی۔ ملاقات میں پاک۔چین اقتصادی راہداری، توانائی کے منصوبے، امن و امان ، لائن آف کنٹرول اور مقبوضہ کشمیر کی ورکنگ باونڈری پر پیدا ہونے والی صورت حال سمیت تمام امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرا عظم نے صدر مملکت کو حکومت کی جانب سے اقتصادی اور عوامی فلاح و بہبود کے ضمن میں کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان پالیسیوں کی وجہ سے قومی معیشت مضبوط ہوئی ہے اور اس کے اثرات عام آدمی تک پہنچ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے پاکستان کی اقتصادی صورت حال کی بہتری کے متعلق بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی ایجنڈے سے اپنی توجہ نہیں ہٹائے گی اور ملک کی ترقی اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری کے لیے ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کے لیے تندہی سے کام کرتی رہے گی۔ صدر مملکت اور وزیر اعظم نے پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے مفید ثابت ہو گا۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے عظیم الشان منصوبہ سے تمام صوبوں اور خطوں کویکساں فوائد حاصل ہوں گے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سی پیک منصوبے کے تحت توانائی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے ملک میں 2018 تک لوڈ شیڈنگ کاخاتمہ ہو جائے گا۔ صدر مملکت اور وزیر اعظم نے آپریشن ضرب عضب کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔

دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے تمام حصوں میں مکمل امن کی بحالی کے لیے یہ آپریشن جاری رہے گا۔ اس موقع پر خطے کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور دونوں رہنماوں نے خطے میں ان کے لیے پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ملاقات میں دونوں راہنماوں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی شدید مذمت کی گئی۔انھوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔