میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لیے میرٹ کی خلاف ورزی کرنے پر سخت ترین کاروائی کی جائے گی،سائرہ افضل تارڑ

بدھ 9 نومبر 2016 13:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء)وزیرمملکت برائے قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لیے میرٹ کی خلاف ورزی کرنے پر سخت ترین کاروائی کی جائے گی۔بدھ کو یہاں سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لیے پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی صورت میں کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لیے میرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف سخت ترین کاروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں پالیسی کے تحت تمام میڈیکل کالجز کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ نجی میڈیکل کالجز میں دوران داخلہ کیلئے متعلقہ ہدایات اورقواعد کو یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

تمام نجی میڈیکل کالجز میرٹ لسٹ کی پابندی کرے ، کسی بھی کم نمبر والے کو آوٹ آف ٹرن (Out of Turn) داخلہ نہ دیا جائے ۔

تمام نجی میڈیکل کالجز میں یکساں داخلہ فیس مقرر ہے اس کے علاوہ داخلہ کی مد میں کوئی اضافی رقم نہیں لی جا سکے گی۔ فیس کی ادائیگی صرف نجی میڈیکل کالجز کے آن لائن اکائونٹس میں ہو گی ، ادارے کی ویب سائٹ پر اوپن میرٹ لسٹ کی اشاعت لازمی ہے اورداخلہ کے لیے یوایچ ایس کے زیر اہتمام انٹرنس ٹیسٹ کا طریقہ کار لاگو ہے۔ انہوں نے کہا کہ داخلوں کے حوالے سے پی ایم ڈی سی نے ایک خصوصی شکایت سیل قائم کر دیا ہے۔

وزیر قومی صحت نے بتایا کہ آج اس سلسلے میں سیکرٹری قومی صحت محمد ایوب شیخ کی سربراہی میںریجنل ایڈمشن کمیٹی کا اجلاس ہو ا ہے جس میں کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی ۔ واضح رہے کہ اس پالیسی کے تحت وہی طلبا رجسٹرکئے جائیں جو مطلوبہ معیار پر پورے اترتے ہوں ۔ اس سلسلے میں ایف ایس سی پری میڈیکل کم از کم 60 فیصد نمبر ہونا لازمی ہیں۔ میرٹ فارمولا کے تحت میٹرک کے 10 فیصد، ایف ایس سی 40 فیصد اور انٹری ٹیسٹ کے 50 فیصد نمبر شمار کئے جائیں گے۔

جبکہ بیرون ملک طلباء کے MCAT اور SAT میں 50 فیصد نمبر شمار کئے جائیں گے۔ کامیاب طلبا کو سات دن کے اندر اندر فیس جمع کرانی ہو گی۔ بیرون ملک طلباء کی وہ سیٹیں جو پُر نہ کی جاسکیں وہ مقامی طلباء کو اوپن میرٹ پر دی جائیں گی۔ ہر کالج اپنی فیس اور بنک اکائونٹ نمبر ویب سائٹ پر آویزاں کرے گا۔ مقامی طلباء کے لیے سالانہ فیس 6 لاکھ 42 ہزار روپے ہو گی۔ جبکہ بیرون ملک طلبا کے لیے 18 ہزار یو ایس ڈالر سالانہ مقرر کئے گئے ہیں۔