حکیم الامت ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال ؒکے 139 ویں یوم ولادت کے سلسلہ میںمزار اقبالؒ پر تقریب ، پاک نیوی نے اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالئے، سلامی پیش کی

بدھ 9 نومبر 2016 12:36

لاہور۔9 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء)شاعر مشرق حکیم الامت ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال ؒکے 139ویں یوم ولادت کے سلسلہ میں بدھ کے روز مزار اقبالؒ پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی،اس موقع پر پاکستان نیوی کے چاق وچوبند دستے نے پاکستان رینجرز پنجاب سے اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے اور سلامی پیش کی ،پاک بحریہ اور پاکستان رینجرز کے دستوں نے مزار اقبالؒ کے باہر اپنی اپنی پوزیشنز سنبھالیں، سٹیشن کمانڈر نیوی لاہورکموڈور ساجد محمود شہزاد نے پاکستان نیوی کے دستے اور اعزازی گارڈ کے فرائض سر انجام دینے والے پاک رینجرز کے دستوں کا معائنہ کیا اور سلامی لی۔

بینڈ کی دھن پر مخصوص انداز سے چلتے ہوئے پاکستان نیوی کے دستے نے مزار اقبالؒ کے چاروں کونوں میں اپنی پوزیشنز سنبھالیں جبکہ پاک رینجرز کا دستہ روایتی انداز میں مزار سے رخصت ہوا۔

(جاری ہے)

اعزازی گارڈ کی تبدیلی کے بعد اسٹیشن کمانڈرنیوی لاہور نے چیف آف دی نیول اسٹاف، پاکستان نیوی کے آفیسرز اور سی پی اوز،سیلرز اور سویلینز کی جانب سے مزار اقبالؒ پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

بعد ازاں سٹیشن کمانڈر نیوی لاہور نے مزار اقبالؒ پر فاتحہ پڑھی اور مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات قلمبند کیے۔اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسٹیشن کمانڈر نیوی کموڈور ساجد محمود شہزاد نے کہا کہ وطن عزیز کے نوجوان علامہ محمد اقبالؒ کی تعلیمات اور پیغامات پر پوری طرح عمل کریں تو کامیابی ہی کامیابی ہے،انہوں نے کہا کہ ہمیں علامہ محمد اقبال ؒاور قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے فرمودات،تعلیمات اور پیغامات کے مطابق کام کرنے کی ضرورت ہے۔مزار اقبالؒ پر منعقدہ تقریب میں اعلیٰ عسکری و سول عہدیداران، سکول کے بچوں و شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔