دھرنوں اوراحتجاج کی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے،رانا محمد ارشد

بدھ 9 نومبر 2016 12:36

لاہور۔9 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) دھرنوں اوراحتجاج کی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے،وقت قوم میں انتشار کا نہیں بلکہ آپس میں متحد ہو کر دشمنوں کا مقابلہ کرنے کا ہے،اس امر کا اظہارمشیر وزیر اعلیٰ پنجاب و پارلیمانی سیکرٹری انفرمیشن و کلچر الحاج رانا محمد ارشد نے بدھ کے روز مسلم لیگی ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی اور آج کے پاکستان میں زمین آسمان کا فرق ہے آج پاکستان کی معیشت فلق کی بلندیوں کو چھو رہی ہے اور ترقی کی اس نہج پر پہنچ گئی ہے جہاں ہمارے دشمن اس ترقی کو پاش پاش کرنا چاہتے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی کا سفر اپنی منزل پر رواں دواں رہے گا، عوام نے انتشار پسند سیاست کو خیر باد کہہ دیا ہے،عوام جانتی ہے کہ اس وقت پاکستان کی معیشت جس بلندی کو چھو رہی ہے و ہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جا رہا ہے۔ان تمام سیاستدانوں کو اب سمجھ جانا چاہیے پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے کی بجائے چین کے عظیم راہداری منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں حکومت کا ساتھ دیں۔