مقبوضہ کشمیر ، تحریک آزادی کے حوالے سے اہم اجلاس ، سیاسی ، سماجی ، تعلیمی ، تجارتی انجمنوں کے نمائندوں کی شرکت ، حریت قیادت کو تحریک کے حوالے سے مکمل مینڈیٹ دیا گیا

بدھ 9 نومبر 2016 11:59

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2016ء) کل جماعتی حریت قیادت کو تحریک آزادی کو آگے بڑھانے کا مکمل مینڈیٹ دیا گیا ہے ، حریت قیادت سید علی شاہ گیلانی ، میر واعظ محمد عمر فاروق اور محمد یاسین کی جانب سے بلائے گئے جملہ متعلقین کا ایک نمائندہ اجلاس حیدرپورہ میں منعقد ہوا جس میں جموں کشمیر بھر سے آئے ہوئے مختلف سیاسی ، سماجی ، دینی ، تجارتی ، تعلیمی ، ٹرانسپورٹ ، انجمنوں اور تنظیموں کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی ۔

یہ اجلاس تحریک آزادی جموں و کشمیر کو آگے بڑھانے اور موجودہ مزاحمتی جدوجہد کو جاری و ساری رکھنے کے ضمن مین سبھی متعلقین کے مشورے اور آراء کے حصول کے لئے طلب کیا گیا تھا اور اس میں سبھی متعلقین نے متفقہ طورپر تحریک آزادی اور موجودہ مزاحمتی سلسلے کو جاری رکھنے کے ضمن میں اپنی قابل قدر تجاویز و آراء سے متحدہ قیادت کو نوازا ۔

(جاری ہے)

تمام مقررین اور نمائندگان کا اس بات پر اتفاق تھا کہ آزادی کی تحریک کو شدو مد کے ساتھ جاری رکھنا عالمی کشمیریوں کا فریضہ ہے اور اس ضمن میں اقتصادی ، تعلیمی ، سماجی اور دوسرے میدانوں میں پیش آمدہ تکالیف اور کمزوریوں کا آنا اور ان پر صبر و استقامت اور حکومت و تدبر کے ساتھ آگے بڑھتے رہنے کی جستجو جاری رکھنا لازمی امر ہے ۔

متعلقین نے متحدہ مزاحمتی قیادت کے اتفاق و اتحاد کو سراہتے ہوئے انہیں تحریک آزادی کو آگے بڑھاتے رہنے کا مکمل مینڈیٹ دیا اور یقین دلایا کہ قیادت اس ضمن میں جو بھی پروگرام دے گی اور جو لائحہ عمل مرتب و متعین کرے گی سبھی لوگ اس پر عمل پیرا ہوں گے تاکہ تحریک آزادی کے سلسلے کو حصول منزل مقصود تک جاری رکھا جا سکے اجلاس کے دوران تحریک آزادی جموں و کشمیر کے دوران شہید ہونے والے لاکھوں نفوس اور موجودہ عوامی تحریک کے دوران شہید ہونے والے تمام معصوموں کے لئے مغفرت کی دعا کے ساتھ ساتھ جملہ متاثرین کے حوالے سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا

متعلقہ عنوان :