کراچی، امجد صابری سمیت ہائی پروفائل ٹارگٹ کلنگ کے مقدمات میں نامزد ملزمان اسحاق بوبی اورعاصم کیپری 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالے

منگل 8 نومبر 2016 20:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 نومبر2016ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے امجد فرید صابری سمیت کئی ہائی پروفائل ٹارگٹ کلنگ کے مقدمات میں نامزد ملزمان اسحاق بوبی اورعاصم کیپری کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالے کردیا۔ عاصم کیپری اوراسحاق بوبی کو پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کے منتظم جج جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کے روبرو پیش کیا۔

اس موقع پرسیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

عدالت کے روبروتفتیشی افسرنے موقف اختیارکیا کہ ملزمان کے خلاف دھماکا خیزمواد اورغیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج ہے۔ دونوں ملزمان فوجیوں، امجد صابری سمیت ٹارگٹ کلنگ کی 28 وارداتوں میں پولیس کومطلوب ہیں اوران سے تفتیش جاری ہے۔ اس لئے ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پرپولیس کی تحویل میں دیا جائے، عدالت نے استدعا منظورکرتے ہوئے دونوں ملزمان کو 14 روزکے لیے پولیس کی تحویل میں دے دیا۔واضح رہے اسحاق بوبی اور عاصم کیپری کو لیاقت آباد سے سی ٹی ڈی نے گرفتار کیا تھا اور سی او پی آفس میں وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے ایک پر ہجوم پریس کانفرنس میں میڈیا کے سامنے پیش کیاتھا۔