پی سی بی اور محمد یوسف کے درمیان معاملات طے پا گئے

نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بطور بیٹنگ کنسلٹنٹ ذمہ داریاں سونپے جانے کا امکان

منگل 8 نومبر 2016 20:38

پی سی بی اور محمد یوسف کے درمیان معاملات طے پا گئے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 نومبر2016ء) پی سی بی نے ایک اورگرجتی توپ کو خاموش کرانے کا اہتمام کرلیا، سخت ناقدین میں شمار کیے جانے والے محمد یوسف نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بطور بیٹنگ کنسلٹنٹ کام کرنے کیلئے تیار ہوگئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کپتان کے ساتھ معاملات طے پاگئے ہیں، ایک سال کا معاہدہ کیا جائے گا، چند روز میں ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی پالیسی رہی ہے کہ جو سابق کرکٹر میڈیا میں بڑھ چڑھ کر اس کے خلاف باتیں کرے اسے ملازمت دے کر ساتھ ملا لو، اب محمد یوسف کے ساتھ بھی ایسا ہو رہا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کپتان کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بیٹنگ کنسلٹنٹ مقرر کرنے کیلئے معاملات طے پاگئے ہیں،انھیں ایک سال کا کنٹریکٹ دیا جا رہا ہے، وہ اس سے قبل پشاور زلمی کی اکیڈمی میں جونیئرز کی کوچنگ کرچکے تاہم این سی اے سے باقاعدہ طور پر پہلی بار وابستہ ہوںگے،نجی مصروفیات ختم ہونے کے بعد یوسف چند روز میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیںگے۔محمد یوسف کا کہنا ہے کہ میں نئے ٹیلنٹ اور بیٹنگ میں پاکستان کا مستقبل سمجھے جانے والے کھلاڑیوں کی رہنمائی کرنے میں خوشی محسوس کروں گا۔