شناختی کارڈ کے حصول میں عوام کو مشکلات اور اذیت سے نجات دلائی جائے ٬حافظ نعیم الرحمن

شاہ فیصل کالونی میں سیاسی وسماجی اور تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی٬ورکرز کنونشن سے خطاب

پیر 7 نومبر 2016 22:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2016ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نادرا کی جانب سے شہریوں کو شناختی کارڈ کے حصول میں بلاجواز طور پر پریشان کر نا اور بلاضرورت روکاوٹیں اورمشکلات پیدا کر نا افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے ۔قومی شناختی کارڈ کے حصول کے طریقہٴ کار کو آسان اور سہل بنایا جائے ۔ اس حوالے سے عوام کو ذہنی اور جسمانی اذیت اور پریشانی سے نجات دلائی جائے اور آن لائن سروس بھی شروع کی جائے ۔

عوامی مسائل کا حل جماعت اسلامی کی ترجیح اول ہے ۔حکمران طبقے کی بددیانتی و بدعنوانی کوبے نقاب کریں گے ٬عوام کی لوٹی ہوئی رقم واپس ملکی خزانے میں جمع ہو جائے تو ملک و قوم کی حالت سنور جائے ۔شاہ فیصل کالونی میں سیاسی وسماجی و تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی ۔

(جاری ہے)

گلی گلی عوام کی خبرگیری اورمسائل کے حل کانظام وضع کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی شاہ فیصل زون یوسی 7کے جنرل ورکرزکنونشن سے خطاب کے دوران کیا ۔

ورکرز کنونشن سے امیرضلع شرقی وسابق ممبر سندھ اسمبلی محمد یونس بارائی ٬امیرشاہ فیصل زون چوہدری محمد اشرف ٬ناظم یوسی محمدفاروق ودیگر نے خطاب کیا ۔اس مو قع پر سیکریٹری زون عتیق احمد خان ٬نائب امرائے زون سیف الدین ٬اسامہ شعیب ودیگرذمہ داران بھی موجود تھے ۔اس موقع پر نومنتخب ناظم یوسی محمد فاروق نے سیشن 2016-2017ء کے لیے نئے نظم کا اعلان بھی کیا ۔

جنرل ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہا کہ بدعنوان سیاستدانوں وحکمرانوں نے عوام کا جینا دوبھرکردیا ہے۔کسی بھی صورت ملک وقوم کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔عوام پانی ٬گیس ٬بجلی کی سستی فراہمی٬ انصاف وقانونی کی بالادستی اورمہنگائی سے نجات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی لٹیرے کو ملک سے فرارنہیں ہونے دیا جائے ۔ عوام کی لوٹی ہوئی رقم واپس ملکی خزانے میں جمع کرانے کو یقینی بنایا جائے ۔ محمد یونس بارائی نے کہا کہ شہرکی ابتر صورتحال نے جینے کا حق چھین لیا ٬ٹارگٹ کلنگ ٬دہشت گردی ٬ٹوٹی سڑکوں ٬ناقص سیوریج سسٹم ودیگر مسائل نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے ۔