سندھ حکومت نے صوبائی کابینہ اجلاس میں اہم فیصلے کیے ہیں٬ مولابخش چانڈیو

پیر 7 نومبر 2016 22:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2016ء) مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے سندھ کابینہ کے فیصلوں کے متعلق میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے سرکار ی گاڑیاں غیرقانونی طریقے سے قبضے میں لینے پر غور کیا اور وزیراعلیٰ سندھ نے حکم دیا کہ جو بھی وزراء یا افسران سرکاری گاڑیاں واپس نہیں کر رہے ان سے گاڑیاں واپس لینے کیلئے مئجسٹریٹ اختیارات کا استعمال کیا جائیگا٬ جبکہ وہ گاڑیاں جن کی حالت خستہ یا ناکارہ ہوچکی ہیں ان کے نمبر پلیٹس متعلقہ اتھارٹی کے پاس واپس کی جائینگیں۔

مولابخش چانڈیو نے مزید کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد وفاقی حکومت سندھ حکومت کو اختیارات منتقل کرنے میں ابھی تک ناکام رہی ہے اور اس سلسلے میں چیئرمین سینیٹ بھی تنقید کرچکے ہیں کہ یہ ایک غیرآئینی اقدام ہے۔

(جاری ہے)

سندھ کابینہ کے اجلاس میں امن و امان کے حوالے سے غور کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے امن بحال کرنے پر پولیس اور رینجرز کی خدمات کو سراہااور کہا کہ حکومت کسی مخصوص جماعت یا فرقے کے خلاف کارروائی نہیں کر رہی ہے یہ ایکشن دہشتگردوں کے خلاف بلا تفریق کیا جا رہا ہے۔

مولابخش چانڈیو نے کہا کہ کراچی آپریشن کے سلسلے میں تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک صفحے پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعات کی روشنی میں دونوں اطراف سے لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور یہ تاثر بلکل غلط ہے کہ حکومت ایک فرقہ کی مدد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مدارس کی مانیٹرنگ کر رہے ہیںاگر کسی مدرسے کی جانب سے کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہوا تو ان کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔

مولابخش چانڈیو نے بتایا کہ اجلاس کے دوراں وزیراعلیٰ سندھ نے تمام محکموں کو فوری طور پر ڈپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی (ڈی پی سی) میٹنگ کرنے کی ہدایات دیں تاکہ ترقی کا عمل جاری رہے اور جلد ملازمت کی فراہمی کا عمل شروع کیا جاسکے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں جاری تمام ترقیاتی اسکیموں کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایات بھی دیں۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ جب بھی مسلم لیگ نواز کی حکومت اقتدار میں آتی ہے تو یہ چھوٹے صوبوں کیلئے مسائل پیدا کرتی ہے٬ ہم چھوٹی غلطیوں کو تو نظرانداز کرسکتے ہیں لیکن اپنے حقوق سے دستبردار نہیں ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاھ جب وزیر خزانہ سندھ تھے ان کے بیانات رکارڈ پر ہیں کہ اگر وفاق ہمارے حصے کا فنڈ جاری نہیں کریگا اور ہماری اسکیموں میں قانون کے مطابق مدد نہیں کریگا تو صوبہ اپنے معاملات کیسے چلائیگا۔مولابخش چانڈیو نے کہا کہ ملک کے موجودہ سیاسی بحران کا حل صرف اور صرف چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے چار مطالبات میں ہی ہے٬ ان کو فوری طور پر مان لیا جائے۔

متعلقہ عنوان :