حکومت نے صوبے میں امن امان اور انفراسٹرکچر کو بہتر بناکر سرمایہ کاری کیلئے بہتر ماحول پیدا کیا ہے٬ وزیراعلیٰ سندھ

پیر 7 نومبر 2016 22:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پی پی پی کی حکومت نے صوبے میں امن امان اور انفراسٹرکچر کو بہتر بناکر سرمایہ کاری کیلئے بہتر ماحول پیدا کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات آج ہانگ کانگ بیسڈ چائنیز سرمایہ کاروں کے ساتھ وزیراعلیٰ ہائوس میں منعقدہ ایک اجلاس میں کہی۔ چینی سرمایہ کاروں کے وفدکی قیادت چیئرمین ہائوتیان گروپ ہولڈنگ لمیٹیڈ یو وائی منگ (Yau Wai Ming) ٬ جبکہ دیگر اراکین میں فوک چائی سی ایف او (Fok Chi Tak CFO) ٬ گائو شفنگ سی ای او ٬ چائنہ انوویٹیو فنانس گروپ لاء من ٹاٹ ٬ چین کے قونصل جنرل وانگ یو شامل تھے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کی معاونت ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات محمد وسیم ٬ پرنسپل سیکریٹری نوید کامران بلوچ٬ سیکریٹری انرجی آغا واصف٬ چیئرپرسن بورڈ آف انویسٹیمینٹ ناہید میمن اور ڈائریکٹر بورڈ انویسٹمینٹ ابرار شیخ نے کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انہوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ (پی پی پی)مو ڈکے تحت سرمایہ کاری کو فروغ دیا۔جس کے تحت نجی شعبے نے سندھ حکومت کے ساتھ مجموعی سرمایہ کاری کا 80فیصد کی سرمایہ کاری کے ساتھ شراکت کی٬ جبکہ باقی ماندہ 20فیصد حصہ صوبائی حکومت کا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے کینجھر جھیل کو بین الاقوامی معیار کے مطابق سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے کی بھی منصوبہ بندی کی ہے٬ گرمیوں میں وہاں پر واٹر اسپورٹس ایونٹس٬ بوٹنگ اور اس طرح کی دوسری سرگرمیاں ہو سکتی ہیں٬ جب کہ سردیوں میں رنگ برنگے پر ندے جوکہ وہاں آتے ہیں سے اسکی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے٬انہوں نے کہا کہ کراچی سے 20ملین آبادی اور حیدرآباد سے لوگوں کیلئے ہفتہ وار تعطیلات پر ایک اچھی تفریح گاہ ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کو راغب کرکے گورکھ حل کو بھی ترقی دی جا سکتی ہے٬یہ بھی ایک اپنی آئیڈیل لوکیشن کے باعث بہترین ہل اسٹیشن ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کے پاس وسیع ساحلی پٹی ہے٬ جہاں پر مختلف سہولیات سے آراستہ ریزارٹس قائم کئے جا سکتے ہیں۔چینی سرمایہ کاروں نے کہا کہ وہ ایک سرمایہ کاری کمپنی قائم کریں گے٬جوکہ منصوبوں میں پی پی پی یا بلٹ آپریٹ اینڈ ٹرانسفر موڈ کے تحت سرمایہ کاری کرے گی۔

انہوں نے انرجی کے شعبے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری محمد وسیم ٬چیرپرسن بورڈ آف انویسٹمینٹ ناہید میمن اور سیکریٹری انرجی آغا واصف پر مشتمل ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دی۔جوکہ سرمایہ کاروںکے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے اور انہیں سرمایہ کاری کے مواقعے اور منصوبوں کے بارے میں آگاہ کریں گے جہاں وہ سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

چینی سرمایہ کاروں نے صوبے میں چائنیز انگلش میڈیم اسکول قائم کرنے کی بھی پیش کش کی۔جس پر وزیراعلیٰ سندھ خوش آمدید کہا اور کہا کہ یہ صدر آصف علی زرداری تھے جنہوں نے سندھ کے اسکولوں میں چینی زبان سکھانے کو متعارف کرایا۔انہوں نے کہا کہ یہ دونوں قوموں پاکستان اور چائنا کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک اچھا قدم ثابت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :